رونق نعیم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ناتوانی میں بھی وہ کردار ہونا چاہئے (غزل)
ناتوانی میں بھی وہ کردار ہونا چاہئے
اپنے ہی کاندھے پہ اپنا بار ہونا چاہئے
یہ خیال آنے لگا ہے کس توقع پر تمہیں
راہ میں ہر پیڑ سایہ دار ہونا چاہئے
شہر بھر میں سخت جانی کے لیے مشہور ہوں
میری خاطر اک نہ اک آزار ہونا چاہئے
میرا دشمن دور تک کوئی نہیں میرے سوا
اور دشمن سے مجھے ہشیار ہونا چاہئے
یہ سبک ساران ساحل کس قدر ہیں مطمئن
ان کے آگے بھی کوئی منجھدار ہونا چاہئے
پھول کی پتی سے بھی نازک ہے کچھ دل کا مزاج
لوگ کہتے ہیں مجھے تلوار ہونا چاہئے
موت کے آسیب سے رونقؔ عبث ڈرتے ہیں لوگ
زندگی بھر زندگی سے پیار ہونا چاہئے
دروازہ مایوس ہے شاید سوگ میں ہے انگنائی بہت (غزل)
دروازہ مایوس ہے شاید سوگ میں ہے انگنائی بہت
اک مدت پر اپنے گھر کی آئی تو یاد آئی بہت
میں کیا جانوں بھید ہے کیسا پوچھو گھاٹ کے پتھر سے
دھیرے دھیرے آخر کیسے جم جاتی ہے کائی بہت
پورب پچھم اتر دکھن ہر جانب ہے ایک ہی حال
کوئی بھی موسم ہو غم کی چلتی ہے پروائی بہت
اندھے بہرے گونگے سائے خاک مرے کام آئیں گے
آوازوں کے اس جنگل میں ڈستی ہے تنہائی بہت
کہتی ہیں کچھ اور لکیریں لفظوں کا مفہوم ہے اور
چاہے جو بھی نقش ہو اس میں ہوتی ہے گہرائی بہت
پیار شرافت ہمدردی ایثار وفا سچائی خلوص
رونقؔ یہ وہ لفظ ہیں جن سے ہوتی ہے رسوائی بہت