رونق دکنی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جب کبھی یادوں کا دروازہ کھلا آخر شب (غزل)
جب کبھی یادوں کا دروازہ کھلا آخر شب
کوئی در آیا بہ انداز ہوا آخر شب
ہم پشیمان ادھر اور ادھر وہ نادم
شام کا بھولا ہوا آ ہی گیا آخر شب
دل کے آنگن میں بصد ناز تھا وہ محو خرام
پھول ہی پھول تھا نقش کف پا آخر شب
کر سکا پیش نہ عریانی کا جب کوئی جواز
آ گیا اوڑھ کے مریم کی ردا آخر شب
سانولی شام کی زلفوں کے پرستار تمام
ہو گئے آپ ہی مصروف دعا آخر شب
نیند آ ہی گئی واماندہ تھے اعصاب تمام
ٹھنڈی ٹھنڈی جو چلی موج صبا آخر شب
وہ کسک مرغ سحر کی تھی نوا میں رونقؔ
دل پہ اک نشتر احساس لگا آخر شب
نیاز آگیں ہے اور ناز آفریں بھی (غزل)
نیاز آگیں ہے اور ناز آفریں بھی
اگر سجدہ میں جھک جائے جبیں بھی
حق آگاہی سے اٹھ جائیں گے پردے
نظر ہو نکتہ رس بھی نکتہ چیں بھی
دلوں میں چاہئے وسعت گاہی
بدل جاتی ہے چشم خشمگیں بھی
حقائق پر جمی ہے گرد باطل
ہے گم وہموں میں احساس یقیں بھی
سلامت ان کا دامن بے خودی میں
لیا ہے ہم نے کار آستیں بھی
اجالے ہیں مرے قلب و نظر کے
یہ مہر ضو فشاں ماہ مبیں بھی
بہ فیض تلخیٔ حالات رونقؔ
عبارت زہر سے ہے انگبیں بھی