پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

رونق بدایونی کی غزلیں — Raunaq Badauni Ghazals

رونق بدایونی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دل میں ہو درد عشق لبوں پر فغاں نہ ہو (غزل)

دل میں ہو درد عشق لبوں پر فغاں نہ ہو

ممکن نہیں کہ آگ لگے اور دھواں نہ ہو

غیرت یہ چاہتی ہے کہ اس راہ پر چلو

جس راہ میں کسی کے قدم کا نشاں نہ ہو

منزل کی جستجو ہے تو اے رہروان عشق

تنہا روی ہو پیرویٔ کارواں نہ ہو

ہم گردش فلک سے کہاں بچ کے جائیں گے

وہ کون سی زمیں ہے جہاں آسماں نہ ہو

تیرے ستم کی خیر بس اتنا رہے خیال

وہ غم نہ بخشنا جو غم جاوداں نہ ہو

حفظ خودی کی بات ہے آنکھیں جو نم نہیں

ایسا نہیں کہ مجھ کو غم آشیاں نہ ہو

اظہار حق پہ کس لئے خاموش ہو گئے

رونقؔ زبان رکھتے ہوئے بے زباں نہ ہو

مٹ کر بھی غم دوست میں آرام نہ آیا (غزل)

مٹ کر بھی غم دوست میں آرام نہ آیا

حد ہو گئی مرنا بھی مرے کام نہ آیا

عشاق کی قسمت کو برا کہتی ہے دنیا

صد شکر کہ تم پر کوئی الزام نہ آیا

ہرچند بغاوت پہ ابھارا غم دل نے

لیکن مرے ہونٹوں پہ ترا نام نہ آیا

اس میں بھی کوئی مصلحت پیر مغاں تھی

محفل میں جدھر ہم تھے ادھر جام نہ آیا

کیا ہو گیا اللہ مرا جذب محبت

مدت سے کوئی دوست کا پیغام نہ آیا

ترتیب دیا جس نے محبت کا فسانہ

اس کا ہی فسانے میں کہیں نام نہ آیا

رونقؔ نہیں محفل میں تری رونق محفل

کیا بات ہے کیوں آج وہ ناکام نہ آیا

مزید غزلیں از رونق بدایونی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں