رونق افروز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
خواہش دل جو ڈال ڈال رہے (غزل)
خواہش دل جو ڈال ڈال رہے
اس کے حصے میں بس زوال رہے
پنکھ پھیلائے قید میں پر دار
چار سو بے بسی کا جال رہے
آگ سینے میں آرزو کی ہو جب
وقت آخر تلک ابال رہے
عاشقی تیرے نام کی ہے دعا
تو سلامت یوں ماہ و سال رہے
مجھ سے تیری نہ ہو وفا مقصود
پر ہو اتنا کہ ہم خیال رہے
اس تمنا پہ ہو خدا کا کرم
میرا چہرہ خوشی سے لال رہے
بس یہ رونقؔ دعا کرے رب سے
ایک ہی ڈھنگ ایک چال رہے
بے قراری ہے بہت خود سے بے قرار بھی ہے (غزل)
بے قراری ہے بہت خود سے بے قرار بھی ہے
اس کے ہونٹوں تلے اقرار بھی انکار بھی ہے
دوں صدائیں جو پکارا کروں سب نامنظور
خوب اندر ہے انا اس لئے لاچار بھی ہے
دل میں کیا حادثہ بے چین کیے رہتا ہے
جانے کس بات پہ رنجور خطا وار بھی ہے
جس کی خاطر میں رہی دور زمانے بھر سے
میرا دشمن ہے وہی جاناں مرا پیار بھی ہے
ایک دن لوٹ کے آئے گا یقیں ہے مجھ کو
سخت ہے آدمی یوں بھی ذرا تہہ دار بھی ہے
پھول کے جیسا ہے رونقؔ اسے میں جانتی ہوں
عین لہجہ میں کڑک ہے کہیں تلوار بھی ہے