رؤف یاسین جلالی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
آزار دل سے رنگ طبیعت بدل گیا (غزل)
آزار دل سے رنگ طبیعت بدل گیا
آخر دماغ فکر مسلسل سے چل گیا
جلوہ ہزار پردوں میں چھپتا نہیں کبھی
تاب رخ نگار سے گھونگھٹ ہی جل گیا
دعویٰ کروں گا داور محشر کے سامنے
دنیا سے میری تیری کشاکش کا حل گیا
افکار تیرے حسن کی جادوگری صنم
ہر شعر تیری زلف کی خوشبو میں ڈھل گیا
کل زندگی سے اپنی کچھ ایسے خفا تھا میں
تم نے یہ سمجھا سینے سے ارماں نکل گیا
آوارگی لے جائے ہے جانے کہاں کہاں
نکلا میں صحرا سے جوں ہی سوئے جبل گیا
اٹھتا ہے درد پہلو میں گویا نہیں ہے دل
جادو کسی کی شوخ نگاہوں کا چل گیا
ہیں بوالہوس ہزاروں کوئی اہل دل نہیں
اب رسم عاشقی سے بھی حسن عمل گیا
دائم شب فراق میں شعلے سے عشق کے
مثل چراغ داغ دل خستہ جل گیا
کیا اس کے جی میں آئی کہ مدت کے بعد یار
کھلنے لگا تھا ہم سے ولیکن سنبھل گیا
آشفتگی سے میرے دل ناتواں کا حال
بگڑا خدایا ایسا مرا دم نکل گیا
فریاد شعلہ بار نے کیا کیا غضب کئے
جاویں کہاں جلالیؔ چمن سارا جل گیا
بہت رسوا کیا اس عاشقی نے ہر گلی مجھ کو (غزل)
بہت رسوا کیا اس عاشقی نے ہر گلی مجھ کو
لیے پھرتی رہی ہر جا یہ میری بیکسی مجھ کو
چھپائے سے نہیں چھپتی حقیقت کھل ہی جاتی ہے
سر بازار لے آئی مری دیوانگی مجھ کو
خبر کیا تھی یہی اک دن قیامت مجھ پہ ڈھائے گی
پسند آئی تھی بچپن میں تری یہ سادگی مجھ کو
نگاہ ناز نے ان کی مجھے اک ارمغاں بخشا
ملا دربار الفت سے شعور زندگی مجھ کو
دل و جان و جگر قربان میں نے کر دیئے سارے
رلاتی ہی رہی اکثر تری بے گانگی مجھ کو
جلالیؔ جادۂ الفت میں جب سے ہے قدم رکھا
رہی ان کے تصور میں ہمیشہ بیکلی مجھ کو