رؤف شیخ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اپنے خوں سے سینچتے جس کو زمانہ ہو گیا (غزل)
اپنے خوں سے سینچتے جس کو زمانہ ہو گیا
یاد کا وہ پیڑ بھی اب تو پرانا ہو گیا
جل رہا ہوں میں گھنے جنگل کی ٹھنڈی چھاؤں میں
کیا درختوں کا چلن بھی دوستانہ ہو گیا
میں سکون دل کی خاطر شہر میں آ کر بسا
شہر کا ہر فرد جنگل کو روانہ ہو گیا
پہلے بھی موجوں کی ساحل سے کہاں تھی دوستی
میرا پتھر پھینکنا تو اک بہانہ ہو گیا
ان کے تیور دیکھ کر غیرت مری بل کھا گئی
اس لیے تو میرا لہجہ جارحانہ ہو گیا
اس کی دیواروں سے مجھ کو خوف آتا ہے رؤفؔ
جس مکاں میں مجھ کو رہتے اک زمانہ ہو گیا
اس طرح میری ذات کو الجھا دیا گیا (غزل)
اس طرح میری ذات کو الجھا دیا گیا
سائے کو تیز دھوپ میں پھیلا دیا گیا
میری زبان میرا ہی خوں چاٹنے لگی
مجھ کو مرے ہی نام کا دھوکا دیا گیا
آنکھیں جلیں جو تلخئ حالات سے کبھی
لفظوں کا شہد کان میں ٹپکا دیا گیا
جن کے لہو کی ضو سے منور تھے راستے
منزل کو دیکھ کر انہیں ٹھکرا دیا گیا
امید کی کرن کو اندھیرے نگل گئے
پانی دکھا کے پیاس کو بھڑکا دیا گیا
گم ہو گئی سکوت میں طوفاں کی بازگشت
ساحل کا جسم موج کو پہنا دیا گیا
میرے لہو سے حدت احساس چھین کر
میرا وجود پھر مجھے لوٹا دیا گیا
ٹکڑے ہم آئنے کے سنبھالا کیے رؤفؔ
ہم سے نہ اپنی لاش کو کاندھا دیا گیا