رؤف صادق کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
موت بہتر ہے ایسے جینے سے (غزل)
موت بہتر ہے ایسے جینے سے
دل میں کچھ بھی نہیں قرینے سے
خشک آنکھیں کہاں جھلکتی ہیں
دل میں اترے ہیں کچھ سفینے سے
ہم نے کیا چھو لیا تصور میں
کھنکھاتے ہیں آبگینے سے
ہم کو فرصت نہیں گھڑی بھر کی
پیرہن زندگی کا سینے سے
ایک لمحہ کا تجربہ بہتر
روز و شب سال اور مہینے سے
ایک میں تو ہوں منتشر گھر میں
ورنہ ہر چیز ہے قرینے سے
اور اندھیرا بڑھا دو آنگن میں
روشنی آ رہی ہے زینے سے
لفظ کوئی زبان سے نکلا (غزل)
لفظ کوئی زبان سے نکلا
تیر جیسے کمان سے نکلا
ڈھلتے سورج کو دیکھ کر سایہ
میرے ٹوٹے مکان سے نکلا
جب بھی منزل مجھے نظر آئی
میں سفر کی تکان سے نکلا
شام رنگیں کا گمشدہ سورج
صبح کے سائبان سے نکلا
آدمی کا یقین کیا کیجے
اب خدا بھی گمان سے نکلا
گھر میں فاقہ تھا جس جس کے چہرے پر
گھر سے نکلا تو شان سے نکلا
خود کو شو کیس میں سجا کر میں
خواہشوں کی دکان سے نکلا
مزید غزلیں از رؤف صادق ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں