رتن پنڈوروی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جدا وہ ہوتے تو ہم ان کی جستجو کرتے (غزل)
جدا وہ ہوتے تو ہم ان کی جستجو کرتے
الگ نہیں ہیں تو پھر کس کی آرزو کرتے
ملا نہ ہم کو کبھی عرض حال کا موقع
زباں نہ چلتی تو آنکھوں سے گفتگو کرتے
اگر یہ جانتے ہم بھی انہیں کی صورت ہیں
کمال شوق سے اپنی ہی جستجو کرتے
جو خاک چاک جگر ہے تو پرزے پرزے دل
جنوں کے ہوش میں کس کس کو ہم رفو کرتے
دل حزیں کے مکیں تو اگر صدا دیتا
تری تلاش کبھی ہم نہ کو بہ کو کرتے
کمال جوش طلب کا یہی تقاضہ ہے
ہمیں وہ ڈھونڈتے ہم ان کی جستجو کرتے
نماز عشق تمہاری قبول ہو جاتی
اگر شراب سے تم اے رتنؔ وضو کرتے
لطف خودی یہی ہے کہ شان بقا رہوں (غزل)
لطف خودی یہی ہے کہ شان بقا رہوں
انسان کے لباس میں بن کر خدا رہوں
جب مجھ کو میرے سامنے آنے سے عار ہے
کس حوصلے پہ تجھ کو خدا مانتا رہوں
پردے میں اک جھلک سی دکھانے سے فائدہ
جلوے کو عام کر کہ تجھے دیکھتا رہوں
اک تو کہ میرے دل ہی میں چھپ کر پڑا رہے
اک میں کہ ہر چہار طرف ڈھونڈھتا رہوں
تو ہی بتا کہ یہ کوئی انصاف تو نہیں
تیرا ہی جزو ہونے پہ تجھ سے جدا رہوں
بھیجا ہے اے خدا مجھے کیا تو نے اس لیے
ہر وقت زندگی میں رہین بلا رہوں
ہر گام مجھ کو کعبہ ہی مقصود ہے رتن
آیا ہے وہ مقام کہ ہر دم جھکا رہوں