رؤف خلش کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
سلسلے یہ کیسے ہیں ٹوٹ کر نہیں ملتے (غزل)
سلسلے یہ کیسے ہیں ٹوٹ کر نہیں ملتے
جو بچھڑ گئے لمحے عمر بھر نہیں ملتے
شور کرتے رہتے ہیں جسم و جاں کے سناٹے
جب طویل راہوں میں ہم سفر نہیں ملتے
دھوپ کی تمازت سے جو بچاؤ کر پاتے
سورجوں کے شہروں میں وہ شجر نہیں ملتے
چاہتوں بھرے کمرے دل کھلے کھلا آنگن
اب تو ڈھونڈنے پر بھی ایسے گھر نہیں ملتے
سب نے ہر ضرورت سے کر رکھا ہے سمجھوتا
لوگ ملتے رہتے ہیں دل مگر نہیں ملتے
وقت نے تو بستی کی شکل ہی بدل دی ہے
جن پہ رونقیں تھیں وہ بام و در نہیں ملتے
اپنے نفع و نقصاں کا سب حساب رکھتے ہیں
ہم سے ملنے والے بھی بے خبر نہیں ملتے
ان دنوں خلشؔ اکثر منظروں کے وہ تیور
اجنبی دیاروں کی خاک پر نہیں ملتے
اس خار مزاجی میں پھولوں کی طرح کھلنا (غزل)
اس خار مزاجی میں پھولوں کی طرح کھلنا
سو بار گلے کرنا اک بار گلے ملنا
مانند شجر ہو تم رکتا ہے رکے موسم
خوشبو کو ہوا دے کر شاخوں کی طرح ہلنا
کوچوں میں گھروں میں اب اک شور شرابہ ہے
ہوتا نہیں اپنوں سے برسوں میں کبھی ملنا
چہروں کے مقدر میں کیوں جبر بھی شامل ہے
بس میں نہیں مرجھانا قابو میں نہیں کھلنا
دوری جو مہکتی ہے اک عمر کا حاصل ہے
اک زخم ہے نزدیکی کھلنا نہ کبھی سلنا