پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

راسخ شاہد کی غزلیں — Rasikh Shahid Ghazals

راسخ شاہد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بازار حسن و شوق میں کمتر نہیں ہوں میں (غزل)

بازار حسن و شوق میں کمتر نہیں ہوں میں

چھو کر مجھے بھی دیکھ کہ خنجر نہیں ہوں میں

جس میکدے میں جام اچھالے نہیں گئے

اس میکدے میں ہونے سے بہتر نہیں ہوں میں

باندھی گئی ہے پیر میں زنجیر کس لیے

میں تو ہوں اک خیال کہ پیکر نہیں ہوں میں

تازہ رہوں گا قلب و خرد میں ہر ایک وقت

جس کو بلا سکو گے وہ منظر نہیں ہوں میں

اب بھی ہیں کچھ نقاب ہٹانے ہیں جو مجھے

دار و رسن کے قد کے برابر نہیں ہوں میں

گھبرا گئے ہو دیکھ کے وسعت مری کہ میں

بس ایک آب جو ہوں سمندر نہیں ہوں میں

دیکھو مجھے کہ مجھ میں ہیں روشن جہاں کے راز

رستے میں جو پڑا ہے وہ پتھر نہیں ہوں میں

ہیں انتظار میں سبھی راسخؔ یہاں پہ کیوں

نکلے گا کیسے چاند جو چھت پر نہیں ہوں میں

اسے تو میری محبت کا پاس تھا ہی نہیں (غزل)

اسے تو میری محبت کا پاس تھا ہی نہیں

وہ رو رہا تھا مگر وہ اداس تھا ہی نہیں

ہمارے پاس محبت تھی سو اسے سونپی

جو مانگتا وہ رہا میرے پاس تھا ہی نہیں

بیان اس نے کہانی ہمارے نام سے کی

ہمارے ذہن میں ویسا قیاس تھا ہی نہیں

ہمارے پاس جو آیا لہو لہو تھا وہ

ہمارے تن پہ بھی کوئی لباس تھا ہی نہیں

بچھڑ کے دل میں بہت سے خیال آتے ہیں

جنون عشق میں کوئی ہراس تھا ہی نہیں

سراہتے ہی گئے لوگ مجھ کو محفل میں

کلام میرا مگر اس کو راس تھا ہی نہیں

یہ خواب کیا ہے کہ اس سے ہی دور ہوتا ہوں

وہ کارواں جو مرے آس پاس تھا ہی نہیں

ہمی نے آنکھ سے دریا نکال رکھا تھا

مگر وہ دل کہ محبت شناس تھا ہی نہیں

مزید غزلیں از راسخ شاہد ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں