پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

راسخ عرفانی کی غزلیں — Rasikh Irfani Ghazals

راسخ عرفانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کھنڈر میں دفن ہوئی ہیں عمارتیں کیا کیا (غزل)

کھنڈر میں دفن ہوئی ہیں عمارتیں کیا کیا

لکھی ہیں کتبۂ دل پر عبارتیں کیا کیا

حصار برف میں رہنا کبھی سرابوں میں

سفر کے شوق نے سونپی سفارتیں کیا کیا

تلاش لفظ میں عمروں کی کاوشوں کا ثمر

اندھیرے غار میں گھومیں بصارتیں کیا کیا

کہیں بدن کے ہیں سودے کہیں ضمیروں کے

ہوئی ہیں شہر میں اب کے تجارتیں کیا کیا

سویرے آنکھ کھلی تو نظر میں کچھ بھی نہ تھا

خیال و خواب میں پائیں بشارتیں کیا کیا

دیار زر سے متاع انا بچا لائے

نظر نظر میں بھری تھیں حقارتیں کیا کیا

تن شکستہ کی تعمیر کے لیے راسخؔ

عمل میں لائی گئی ہیں مہارتیں کیا کیا

میں جنگ جیت کے جبر و انا کی ہار گیا (غزل)

میں جنگ جیت کے جبر و انا کی ہار گیا

عدو پہ رحم کا احساس مجھ کو مار گیا

امیر شہر کے عفو و کرم کو کیا کہیے

کھلے وہ لوگ کہ خوف صلیب و دار گیا

غرور کثرت لشکر نہ میرے کام آیا

میں سو رہا تھا کہ شب خوں غنیم مار گیا

مرا نصیب کہ بکھری تھی ڈال ڈال مری

کوئی خزاں کا بگولا مجھے سنوار گیا

صدی کی رات گزاری امید کے بل پر

بجھا چراغ سحر کرب انتظار گیا

کسی نے چاپ بھی جاتے ہوئے نہ اس کی سنی

جو شخص برسوں ترے شہر میں گزار گیا

شب فراق کے دریا میں کود کر راسخؔ

تمام قرض وفا کے کوئی اتار گیا

مزید غزلیں از راسخ عرفانی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں