پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

رشمی صبا کی غزلیں — Rashmi Saba Ghazals

رشمی صبا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اچانک سامنے وہ آ گیا تو (غزل)

اچانک سامنے وہ آ گیا تو

پلٹ دے میرا ہر اک فیصلہ تو

مسلسل آزماتے جا رہے ہو

اگر نکلا کبھی وہ بے وفا تو

جلا کرتی ہے جس کے ساتھ شب بھی

وہ تارا جلتے جلتے بجھ گیا تو

فلک کی بے رخی سے تنگ آ کر

زمیں نے کر لیا کچھ فیصلہ تو

مرا سایہ جو مجھ سے کھو گیا تھا

کسی دن راہ چلتے مل گیا تو

ہوا سے بات کرتی تتلیوں کو

کوئی اک تیز جھونکا لے اڑا تو

صباؔ دریا کا دل بھی جھوم اٹھا

کسی کا نام پانی پر لکھا تو

درد بیتاب ہے الفاظ میں ڈھلنے کے لئے (غزل)

درد بیتاب ہے الفاظ میں ڈھلنے کے لئے

راستہ چاہیے سب کو ہی نکلنے کے لئے

ختم ہو جاتا ہے سب کچھ کبھی اک لمحے میں

اور اک لمحہ ہی کافی ہے سنبھلنے کے لئے

ایسی بارش کی زمیں غرق ہوئی جاتی ہے

ابر کچھ وقت تو دے دیتا سنبھلنے کے لئے

میں دیا ہوں میری فطرت ہے اجالا کرنا

وہ سمجھتے ہیں کہ مجبور ہوں جلنے کے لئے

رات کے ساتھ جلا کرتی ہوں لمحہ لمحہ

چاند کا نور صباؔ چہرے پہ ملنے کے لئے

مزید غزلیں از رشمی صبا ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں