راسخ عظیم آبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
غفلت میں کٹی عمر نہ ہشیار ہوئے ہم (غزل)
غفلت میں کٹی عمر نہ ہشیار ہوئے ہم
سوتے ہی رہے آہ نہ بیدار ہوئے ہم
یہ بے خبری دیکھ کہ جب ہم سفر اپنے
کوسوں گئے تب آہ خبردار ہوئے ہم
صیاد ہی سے پوچھو کہ ہم کو نہیں معلوم
کیا جانئے کس طرح گرفتار ہوئے ہم
تھی چشم کہ تو رحم کرے گا کبھو سو ہائے
غصہ کے بھی تیرے نہ سزا وار ہوئے ہم
آتا ہی نہ اس کوچے سے تابوت ہمارا
دفن آخر اسی کے پس دیوار ہوئے ہم
زخم کہن اپنا ہوا ناسور پہ راسخؔ
مرہم کے کسو سے نہ طلب گار ہوئے ہم
کیا کرے گا جا کے بیت اللہ تو (غزل)
کیا کرے گا جا کے بیت اللہ تو
دل ہی سے کر اپنی پیدا راہ تو
ڈوب جا بحر عمیق عشق میں
یوں نہ ہرگز لے سکے گا تھاہ تو
گھر سے نکلے گا وہ اپنی رات کو
مت نکلیے دیکھیو اے ماہ تو
کعبہ ڈھ جاوے تو بن سکتا ہے پھر
دیکھیے دل ہے اسے مت ڈھاہ تو
حال دل تھوڑا سا سن کر بول اٹھا
بس اب اس قصہ کو کر کوتاہ تو
یار کے دل تک اثر کے ساتھ جا
آسماں تک جا نہ جا اے ماہ تو
واجب التعذیر ہے راسخؔ پہ حیف
قدر سے اس کی نہیں آگاہ تو