پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

راشف عزمی کی غزلیں — Rashif Azmi Ghazals

راشف عزمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

چراغوں کی لو بجھ گئی سو گئی (غزل)

چراغوں کی لو بجھ گئی سو گئی

سر شام ہی روشنی سو گئی

کسی ساز پر ناچ کر یہ ہوا

کہیں فرش پر گر گئی سو گئی

سنی دیر تک لوریاں گود میں

بہت تھک گئی چاندنی سو گئی

ابھی اوس سونے دے اس کو ذرا

ابھی پھول کی پنکھڑی سو گئی

کواڑوں کے پٹ بند کر کے کنیز

در ہجر پر جاگتی سو گئی

سیہ رات میں بال کھولے ہوئے

اداسی بدن نوچتی سو گئی

کئی شب کی جاگی ہوئی سانولی

لحاف اوڑھ کر جلد ہی سو گئی

منزل کرب کی تھکن اوڑھے (غزل)

منزل کرب کی تھکن اوڑھے

سو گئے سوختہ بدن اوڑھے

بارگاہ جنون و وحشت میں

خامشی ہے کوئی سخن اوڑھے

باد صرصر قبائے شبنم اوڑھ

خوشبوئے گل ہے بانکپن اوڑھے

رات کے سائے میں لب دریا

چاند وحشت کا اک گہن اوڑھے

سبز موسم کی خواب گاہوں میں

زرد پتے ہیں ایک بن اوڑھے

سرمئی شام کے دریچے پر

سایۂ ہجر ہے کفن اوڑھے

اونگھتی ہے صبا فصیلوں پر

اک کڑی دھوپ کی گھٹن اوڑھے

محو رقصاں ہے در بہ در راشفؔ

گرد صحراؤں کی پون اوڑھے

مزید غزلیں از راشف عزمی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں