راشد اللہ خاں جوہر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
آنکھ جب تر نہ تھی دل شکستہ نہ تھا زندگی میں تھی لذت کہاں دوستو (غزل)
آنکھ جب تر نہ تھی دل شکستہ نہ تھا زندگی میں تھی لذت کہاں دوستو
وہ تو کہئے کہ سوز جگر مل گیا خون دل ہو گیا ناگہاں دوستو
تم تو دیوانہ ٹھہرا رہے تھے ہمیں دے رہے تھے نا دشنام دیوانگی
تیرگی میں چراغاں یہ کس نے کیا کس نے بدلا چمن کا سماں دوستو
عمر کلیوں کی کتنی جو بتلا سکیں کس کے خون جگر سے ہے حسن چمن
خاک گلشن سے پوچھو بہاروں میں ہے کس کے خوں سے یہ گلکاریاں دوستو
جب نسیم سحر کی زبانی سنی میری روداد غم صحن گل زار میں
ضبط شبنم سے آنسو نہ پھر ہو سکے قلب گل ہو گیا خونچکاں دوستو
کس قدر ہم نے کھائے ہیں تیر ستم گردش وقت کے کیا گنائیں کرم
ان کا دامن چھٹا خون ارماں ہوا فصل گل میں جلا آشیاں دوستو
کیسے ٹوٹا ہے دل کس نے توڑا ہے دل سانحہ کس طرح یہ ہوا رونما
یوں نہ رہ رہ کے چھیڑو خدا کے لئے محترم ساتھیو مہرباں دوستو
چاک سینے میں اپنے بھی کچھ کم نہ تھے ہم نے زخموں کی لیکن نمائش نہ کی
یہ الگ بات ہے مثل گل ہم رہے گلستاں میں تبسم فشاں دوستو
جن سے ملنے کو بیتاب رہتے تھے ہم ان سے خلوت میں جب سامنا ہو گیا
کس نے دیکھا انہیں کون ان سے ملا آ گئی بے خودی درمیاں دوستو
بات کیا ہے ہمیں بھی تو ہو کچھ خبر کیوں وہ گھر سے نکلتا نہیں آج کل
ذکر کس شخص کا آج یہ چھڑ گیا کون جوہرؔ وہ شیوہ بیاں دوستو
یہ امتحان وفا ہے اے دل گلہ نہ کر ان کی بے رخی کا (غزل)
یہ امتحان وفا ہے اے دل گلہ نہ کر ان کی بے رخی کا
تڑپ سے مطلب فغاں سے حاصل وقار کھو دے گا عاشقی کا
ہوئے جو مسحور حسن رنگیں تو ذوق شعری نے چٹکیاں لیں
فریب الفت میں آ گئے ہم تو لگ گیا روگ شاعری کا
نہ بے خودی ہے نہ ہوشیاری عجیب کچھ کیفیت ہے طاری
خبر ہے ان کی نہ ہوش اپنا یہ کون سا رخ ہے زندگی کا
بلا رہی ہیں ہمیں بہاریں وہ گنگناتی ہوئی پھواریں
چلو کریں مل کے سیر گلشن کبھی تو مانو کہا کسی کا
نظر رہی سب کی رنگ و بو پر گزر گیا ہم پہ حشر جوہرؔ
کسی نے دیکھا نہ شیشۂ دل چمن میں ہنستی ہوئی کلی کا