پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

راشدہ ماہین ملک کی غزلیں — Rashida Maheen Malik Ghazals

راشدہ ماہین ملک کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

برداشت کیوں کرے گا ذرا سی بھی دیر دل (غزل)

برداشت کیوں کرے گا ذرا سی بھی دیر دل

پھیری نظر تو روئے گا منہ پھیر پھیر دل

محسوس یہ ہوا ہے تری آنکھ کے طفیل

آئینہ ہے چراغ ہے مٹی کا ڈھیر دل

شاید تری طرف سے ہو آغاز دل بری

کم بخت اس لیے بھی تو کرتا ہے دیر دل

ذکر وفا جو آئے تو ہر بات پر ترا

کرتا ہے میرے دل سے بہت ہیر پھیر دل

ہم سے ملیں تو دل کو سنبھالا کریں جناب

ہم لوگ بات چیت سے کرتے ہیں زیر دل

‏‎دل داریوں کے دام میں بالکل نہ آئے گی

ہے سامنے جناب کے سچ مچ میں شیر دل

آنے والے سال کی ساری سندر شامیں تیرے نام (غزل)

آنے والے سال کی ساری سندر شامیں تیرے نام

بنتی سنورتی اور بگڑتی کچی نیندیں تیرے نام

گجروں جیسی ہوش اڑاتی خوشبو کے احساس میں گم

ٹھنڈی میٹھی مست نشیلی ریشم بانہیں تیرے نام

اجلے اجلے رنگ رسیلے روشن سبز سنہرے خواب

اور ان خوابوں سے وابستہ وصل کی باتیں تیرے نام

وجد میں آئی قیدی لمحوں کی بینائی کے صدقے

جیون سنگ بکھرنے والی بوجھل سانسیں تیرے نام

مزید غزلیں از راشدہ ماہین ملک ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں