راشد طراز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
لوگ پتھر کے تھے فریاد کہاں تک کرتے (غزل)
لوگ پتھر کے تھے فریاد کہاں تک کرتے
دل کے ویرانے ہم آباد کہاں تک کرتے
آخرش کر لیا مٹی کے حرم میں قیام
خود کو ہم خانماں برباد کہاں تک کرتے
ایک زندان محبت میں ہوئے ہم بھی اسیر
خود کو ہر قید سے آزاد کہاں تک کرتے
خود پہ موقوف کیا اس کا فقط درس وصال
ہر نئے درس کو ہم یاد کہاں تک کرتے
کر لیا ایک بیاباں کو مسخر ہم نے
روز تصویر کو ایجاد کہاں تک کرتے
لوگ خاموش تھے اثبات و نفی کے مابین
ایسے ماحول میں ارشاد کہاں تک کرتے
ہر وجود اپنے لیے ایک سوالی تھا طرازؔ
خود کو ہم مائل ابعاد کہاں تک کرتے
ملی ہے کیسے گناہوں کی یہ سزا مجھ کو (غزل)
ملی ہے کیسے گناہوں کی یہ سزا مجھ کو
ڈراتا رہتا ہے اپنا ہی آئینہ مجھ کو
میں کس فسانے کا حصہ ہوں کہہ نہیں سکتا
وجود اپنا بھی لگتا ہے واقعہ مجھ کو
اب آسماں کی چلو حد تلاش کی جائے
بلا رہا ہے ستاروں کا قافلہ مجھ کو
میں کائنات پہ اپنی نگاہ ڈالتا ہوں
ترے خیال کی ملتی ہے جب ضیا مجھ کو
سلام کرتا ہوں رعنائی حیات تجھے
اب اور کوئی تماشا نہیں دکھا مجھ کو
تری خموشی میں مضمر ہے میرا راز سخن
کہ بے زبان نہ کر دے تری صدا مجھ کو
وہی عظیم ہے جو بانٹتا ہو درد وجود
اسی کے وصل کا راشدؔ ہے آسرا مجھ کو