راشد امام کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
گھما پھرا کے ہماری نظر وہیں آتی (غزل)
گھما پھرا کے ہماری نظر وہیں آتی
ہر آسمان گزرنے پہ پھر زمیں آتی
نماز نیند سے بہتر ہے پر مرے مالک
ترے وہ لوگ جنہیں نیند ہی نہیں آتی
ہماری پشت پہ لادے ہوئے گناہوں سے
عجب تناؤ میں تیری طرف جبیں آتی
ہماری گونج لپیٹی ہے ان پہاڑوں میں
تمہاری یاد پلٹتے ہوئے یہیں آتی
یہ ہل کے بیل مسافت نہیں گنا کرتے
ہمارے کاج میں فرصت کبھی نہیں آتی
ہم اپنی ذات کے اندر چلے گئے راشدؔ
تمہارے قرب کی مستی بھی اب نہیں آتی
کسی بزرگ پہاڑی پہ تو اترتا ہے (غزل)
کسی بزرگ پہاڑی پہ تو اترتا ہے
قدیم دشت غشی میں خرام کرتا ہے
شجر کی چھال اترتے فقیر رونے لگا
بدن کی کھال ادھیڑو تو پھر نکھرتا ہے
مسام چیر کے اگتی ہے جسم پر اترن
ہمارا زہر خد و خال سے اترتا ہے
اٹھا حجاب جلا دے چراغ معبد کے
جہان گرد ترا اب قیام کرتا ہے
عجیب خاک چمکتی ہے اپنے چہرے پر
یہ آئنہ تو ہمیں دیکھ کر سنورتا ہے
ہمارے جسم پہ کندہ ہزار ہا نقشے
ہماری آنکھ سے ہر راستہ گزرتا ہے
کہیں سے حرف اترتا ہے بور کی صورت
جو مجھ سے بانجھ درختوں کی شاخیں بھرتا ہے