راشد حامدی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
یہ وہم ہے میرا کہ حقیقت میں ملا ہے (غزل)
یہ وہم ہے میرا کہ حقیقت میں ملا ہے
خورشید مجھے وادئ ظلمت میں ملا ہے
شامل مری تہذیب میں ہے حق کی حمایت
انداز بغاوت کا وراثت میں ملا ہے
تا عمر رفاقت کی قسم کھائی تھی جس نے
بچھڑا ہے تو پھر مجھ کو قیامت میں ملا ہے
رکتے ہی قدم پاؤں پکڑ لیں نہ مسائل
ہر شخص اسی خوف سے عجلت میں ملا ہے
کچھ اور ٹھہر جاؤ سر کوئے تمنا
یہ حکم مجھے لمحۂ ہجرت میں ملا ہے
آداب کیا جائے کسے کتنے ادب سے
یہ فن مجھے برسوں کی ریاضت میں ملا ہے
صیاد نے لگتا ہے کہ فطرت ہی بدل دی
ہر پھول مجھے خار کی صورت میں ملا ہے
کوئی سایہ نہ شجر یاد آیا (غزل)
کوئی سایہ نہ شجر یاد آیا
تھک گئے پاؤں تو گھر یاد آیا
کھل اٹھے پھول سے صحراؤں میں
پھر وہ فردوس نظر یاد آیا
پھر مرے پاؤں میں زنجیر پڑی
پھر ترا حکم سفر یاد آیا
لوٹ جانے کو بہت دل مچلا
کیا پس گرد سفر یاد آیا
ساری امیدوں نے دم توڑ دیا
نخل بے برگ و ثمر یاد آیا
لاکھ چاہا تھا کہ وہ چشم غزال
پھر نہ یاد آئے مگر یاد آیا
خواب اور عالم بیداری میں
ریت پر ریت کا گھر یاد آیا
مرثیہ دن کا لکھا تھا راشدؔ
شب کو عنوان سحر یاد آیا