پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

راشد فضلی کی غزلیں — Rashid Fazli Ghazals

راشد فضلی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مجرم ہے تمہارا تو سزا کیوں نہیں دیتے (غزل)

مجرم ہے تمہارا تو سزا کیوں نہیں دیتے

اس شخص کو جینے کی دعا کیوں نہیں دیتے

اس پیڑ کے سائے میں بھی کیوں اتنی گھٹن ہے

ہیں سبز یہ پتے تو ہوا کیوں دیتے

جس خون میں آ جائے سفیدی کی ملاوٹ

اس خون کو آنکھوں سے بہا کیوں نہیں دیتے

آئینے ستاتے ہیں تو چہرے کو نہ دیکھو

آنکھوں میں چمک ہے تو بجھا کیوں نہیں دیتے

اس عرصۂ خاموش میں ہم تنہا کھڑے ہیں

ہے درد ہمارا تو صدا کیوں نہیں دیتے

کچھ لوگ جو پیچھے ہیں وہ پنجوں پہ کھڑے ہیں

قد اپنا یہ تھوڑا سا گھٹا کیوں نہیں دیتے

ہے آگ کا یہ کھیل تو پھر سوچنا کیسا

خود اپنا بدن آپ جلا کیوں نہیں دیتے

وہ بات جو پڑھتے رہے آنکھوں میں ہماری

وہ سارے زمانے کو بتا کیوں نہیں دیتے

پاؤں کی خاک تھے تو ترے در کے ہو گئے (غزل)

پاؤں کی خاک تھے تو ترے در کے ہو گئے

اندر ہوا لے آئی ہمیں گھر کے ہو گئے

احساس جاں کنی سے ادا کر دئیے تمام

سارے حساب عرصۂ محشر کے ہو گئے

پرچھائیوں میں جینے لگے تھے ہم اس قدر

سائے ہمارے آج برابر کے ہو گئے

ثابت کرے یہ کون کہ ان میں بھی جان تھی

وہ سارے جسم آج جو پتھر کے ہو گئے

ہیں کھیل اس تماشہ گہہ زیست کے عجب

رتبے بڑے سبھی یہاں جوکر کے ہو گئے

کیا جانتے وہ زخم جگر کس کے دم سے ہے

کانٹوں کو چھوڑ کر جو گل تر کے ہو گئے

پتے تو جڑ کے پھول سے زینت تھے پیڑ کی

شاخ ہنر سے کٹ گئے صرصر کے ہو گئے

تنکوں کی زندگی میں بھی آتا ہے انقلاب

نالے میں بہتے بہتے سمندر کے ہو گئے

مزید غزلیں از راشد فضلی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں