پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

راشد عارفی کی غزلیں — Rashid Arfi Ghazals

راشد عارفی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یہ خیال اور خواب کی دنیا (غزل)

یہ خیال اور خواب کی دنیا

ایسی جیسے کتاب کی دنیا

میرے دل میں حرم سرائے ہے

جیسے بوڑھے نواب کی دنیا

منتقل ہو کے عہد پیری میں

یاد آئی شباب کی دنیا

کیا تقابل ہے میری دنیا سے

وہ ہے عالی جناب کی دنیا

ان کے ہم بھی قریب رہتے ہیں

یار یہ ہے گلاب کی دنیا

اب تو ہونا ہے بس عمل پیرا

چھوڑ آئے نصاب کی دنیا

دنیا داری نباہ دی راشدؔ

ہے عذاب و ثواب کی دنیا

عشق جب مائل بہ الفت ہو گیا (غزل)

عشق جب مائل بہ الفت ہو گیا

حسن پابند ہدایت ہو گیا

تم نے کیا اک بار صورت دیکھ لی

آئنہ بھی خوب صورت ہو گیا

تم نے جب دہلیز پر رکھا قدم

بس وہ لمحہ شبھ مہورت ہو گیا

جانتے ہیں وہ سنورنے کا ہنر

ہر مصور محو حیرت ہو گیا

کام پر جانے لگا مزدور باپ

اہل خانہ کی ضرورت ہو گیا

فرق جب اٹھا تو دیواریں اٹھی

آسماں اتنا جھکا چھت ہو گیا

بٹ گیا راشدؔ دلوں میں جب سماج

دوسروں کا رنج راحت ہو گیا

مزید غزلیں از راشد عارفی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں