پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

راشد انور راشد کی غزلیں — Rashid Anwar Rashid Ghazals

راشد انور راشد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اب تو اک پل کے لیے بھی نہ گنوائیں گے تمہیں (غزل)

اب تو اک پل کے لیے بھی نہ گنوائیں گے تمہیں

خود کو ہاریں گے مگر جیت کے لائیں گے تمہیں

ہم کو پتھر کے پگھلنے کا عمل دیکھنا ہے

ڈوبتے ڈوبتے آواز لگائیں گے تمہیں

دل پہ اک بوجھ ہے کچھ سوچ کے ڈر لگتا ہے

قصۂ درد کبھی اور سنائیں گے تمہیں

ظاہری آنکھیں ہمیں ڈھونڈھ کہاں پائیں گی

چشم باطن سے جو دیکھو نظر آئیں گے تمہیں

ہیں ابھی پاس بہت پاس مگر سچ کہنا

دور ہو جائیں تو کیا یاد نہ آئیں گے تمہیں

تڑپ اٹھتا ہوں یادوں سے لپٹ کر شام ہوتے ہی (غزل)

تڑپ اٹھتا ہوں یادوں سے لپٹ کر شام ہوتے ہی

مجھے ڈستا ہے میرا سرد بستر شام ہوتے ہی

پرندے آشیانوں سے پناہیں مانگا کرتے ہیں

بدلنے لگتا ہے آنکھوں کا منظر شام ہوتے ہی

ہر اک لمحہ نئی یلغار کا خطرہ ستاتا ہے

مخالف سمت سے آتے ہیں لشکر شام ہوتے ہی

میں بوڑھا ہو چلا ہوں پھر بھی ماں تاکید کرتی ہے

مرے بیٹے نہ جانا گھر سے باہر شام ہوتے ہی

خدایا خیر آخر کون سی بستی میں آ پہنچا

پڑوسی پھینکنے لگتے ہیں پتھر شام ہوتے ہی

نہ جانے ان دنوں خاموش سا رہتا ہے کیوں دن میں

ابل پڑتا ہے جذبوں کا سمندر شام ہوتے ہی

اجالے میں کسی صورت سفر تو کٹ ہی جاتا ہے

میاں راشدؔ مگر لگتی ہے ٹھوکر شام ہوتے ہی

راہ میں چلتے ہوئے بھیڑ سے اکتائے ہوئے (نظم)

راہ میں چلتے ہوئے بھیڑ سے اکتائے ہوئے

تیری آواز سنی میں نے کئی سال کے بعد

سوچ کر ذہن پریشان رہا دیر تلک

شہر کے شور خرافات کے ہنگاموں میں

تیری آواز جو آئی تو کہاں سے آئی

پھر کسی وہم کے نرغے میں تو میں آ نہ گیا

تیری آواز کا سرگم کہیں دھوکا تو نہیں

دیر تک ذہن سوالات میں الجھا ہی رہا

کوئی امید نہ جس بات کی تھی کیسے ہوئی

کیسے پتھرائی ہوئی آنکھ میں آنسو آئے

کیسے پھر بھولا ہوا قصہ تجھے یاد آیا

تیری آواز کا دھوکا ہے اگر وہم مرا

مجھ کو رہنا ہے اسی وہم کی سرشاری میں

تیری آواز کے دھوکے سے یہ محسوس ہوا

کوئی خواہش ہو تمنا ہو بہکتی ہے ضرور

اب بھی سینے میں کوئی چیز دھڑکتی ہے ضرور

مزید غزلیں از راشد انور راشد ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں