پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

رشید عثمانی کی غزلیں — Rasheed Usmani Ghazals

رشید عثمانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اگرچہ میں نے لکھیں اس کو عرضیاں بھی بہت (غزل)

اگرچہ میں نے لکھیں اس کو عرضیاں بھی بہت

اڑائیں اس نے مگر ان کی دھجیاں بھی بہت

ملے گا فائدہ کچھ زیست کے سفر میں مجھے

اگرچہ اس میں ہے اندیشۂ زیاں بھی بہت

مرے قریب جب آؤ گے جان جاؤ گے

برائیاں ہیں اگر مجھ میں خوبیاں بھی بہت

بڑے دکھوں میں گزاری ہے زندگی پھر بھی

جہاں میں چھوڑی ہیں ہم نے کہانیاں بھی بہت

دکھائی دیتے ہیں کچھ پھول اب بھی شاخوں پر

بکھیر دی ہیں ہواؤں نے پتیاں بھی بہت

یہ اور بات ہے محفوظ بجلیوں سے نہ تھے

مری نگاہ میں تھے یوں تو آشیاں بھی بہت

ہماری دوستی اے دوست شک کی زد میں ہے

ہیں قربتیں بھی بہت ہم میں دوریاں بھی بہت

مسرتوں کی طلب میں جو گھر سے نکلا تھا

اسی کے حصے میں آئیں اداسیاں بھی بہت

ابھی تو حبس ہے مشکل ہے سانس لینا بھی

ہوا چلی تو پھر آئیں گی آندھیاں بھی بہت

غضب کا حسن سہی تیری سادگی میں مگر

پسند ہیں مجھے اے دوست شوخیاں بھی بہت

مرا خیال ہے پا لوں گا میں رشیدؔ اسے

مرے خیال میں لیکن ہیں خامیاں بھی بہت

لاکھ چاہا میں نے پردہ سامنے آیا نہیں (غزل)

لاکھ چاہا میں نے پردہ سامنے آیا نہیں

میری آنکھوں نے اسے ڈھونڈا مگر پایا نہیں

رہرو دشت تمنا کا سفر مشکل ہوا

دھوپ تا حد نظر ہے اور کہیں سایہ نہیں

کچھ دنوں سے بڑھ رہا ہے میرے دل کا اضطراب

اک بھی لمحے نے مجھے آرام پہنچایا نہیں

نقش ہے میری صدا اب تک در و دیوار پر

تیرے کانوں سے تو اک بھی لفظ ٹکرایا نہیں

جتنے اصلی پھول تھے گلدان میں مرجھا گئے

کاغذی پھولوں میں کوئی پھول کمہلایا نہیں

ابر گزرا ہے مری کشت تمنا سے رشیدؔ

سایہ تو اس نے کیا ہے مینہ برسایا نہیں

مزید غزلیں از رشید عثمانی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں