پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

رشید سندیلوی کی غزلیں — Rasheed Sandeelvi Ghazals

رشید سندیلوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

آئنہ عکس کو معکوس نہیں کر سکتا (غزل)

آئنہ عکس کو معکوس نہیں کر سکتا

سو مری بات وہ محسوس نہیں کر سکتا

چائے خانے پہ ملاقات تری کافی ہے

میں تری ذات کو محبوس نہیں کر سکتا

جب کبھی مجھ کو پکارو گے مجھے پاؤ گے

اہل دل کو کبھی مایوس نہیں کر سکتا

اگلے میلے میں بھلا کس نے کہاں ہونا ہے

میں تجھے خود سے بھی مانوس نہیں کر سکتا

لوگ زخموں کی نمائش میں کہاں آتے ہیں

اب میں داغوں کو تو فانوس نہیں کر سکتا

جب بھی کھلتی ہے وہ یادوں کی گلی شام کے بعد (غزل)

جب بھی کھلتی ہے وہ یادوں کی گلی شام کے بعد

ختم ہوتی نہیں اشکوں کی جھڑی شام کے بعد

دن تو میرا بھی گزر جاتا ہے احباب کے ساتھ

صرف کٹتی ہی نہیں تیرہ شبی شام کے بعد

گھر کے ویرانے میں ہوتا ہے بہاروں کا نزول

بات جب کرتی ہے تصویر تری شام کے بعد

یاد آتا ہے مجھے جب بھی بچھڑنا تیرا

روک سکتا نہیں آنکھوں میں نمی شام کے بعد

دن نکلتا ہے تو رہتا ہوں کسی جنگل میں

میرے آنگن میں اترتی ہے پری شام کے بعد

مزید غزلیں از رشید سندیلوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں