رشید رامپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اٹھ کر ترے در سے کہیں جانے کے نہیں ہم (غزل)
اٹھ کر ترے در سے کہیں جانے کے نہیں ہم
محتاج کسی اور ٹھکانے کے نہیں ہم
ٹھہرا ہے عیادت پہ سفر ملک عدم کا
آنے کے نہیں آپ تو جانے کے نہیں ہم
جو تم نے لگائی ہے وہ ہے قدر کے قابل
اس آگ کو اشکوں سے بجھانے کے نہیں ہم
لو آؤ سنو ہم سے غم ہجر کی حالت
گزری ہے جو ہم پر وہ چھپانے کے نہیں ہم
احوال شب غم پہ رشیدؔ آج وہ بولے
قائل ترے اس جھوٹے فسانے کے نہیں ہم
کہتے ہو مجھ کو بے ادب خیر میں بے ادب سہی (غزل)
کہتے ہو مجھ کو بے ادب خیر میں بے ادب سہی
تم سے شکایت ستم جب نہ سہی تو اب سہی
بزم عزائے دوست میں غم نہ سہی طرب سہی
ہنس نہ سکو جو کھل کے تم تو خندۂ زیر لب سہی
جتنی ہوں مہربانیاں رکھیے وہ غیر کے لیے
اور ستم ہوں جس قدر میرے لیے وہ سب سہی
مجھ پر اگر کرم نہیں اس کا مجھے الم نہیں
کوئی نہ کوئی بات ہو قہر سہی غضب سہی
لطف کرم نہ ہو نہ ہو کم ہے وہ کیا عطا ہو جو
کاوش بے سبب سہی کلفت بے طلب سہی
شوق سے کہہ کے بد نصیب آپ اسے پکاریے
نام رشیدؔ ہے تو ہو اور بھی اک لقب سہی