رشید قیصرانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
میرے لیے تو حرف دعا ہو گیا وہ شخص (غزل)
میرے لیے تو حرف دعا ہو گیا وہ شخص
سارے دکھوں کی جیسے دوا ہو گیا وہ شخص
میں آسماں پہ تھا تو زمیں کی کشش تھا وہ
اترا زمین پر تو ہوا ہو گیا وہ شخص
سوچوں بھی اب اسے تو تخیل کے پر جلیں
مجھ سے جدا ہوا تو خدا ہو گیا وہ شخص
سب اشک پی گیا مرے اندر کا آدمی
میں خشک ہو گیا ہوں ہرا ہو گیا وہ شخص
میں اس کا ہاتھ دیکھ رہا تھا کہ دفعتاً
سمٹا سمٹ کے رنگ حنا ہو گیا وہ شخص
یوں بھی نہیں کہ پاس ہے میرے وہ ہم نفس
یہ بھی غلط کہ مجھ سے جدا ہو گیا وہ شخص
پڑھتا تھا میں نماز سمجھ کر اسے رشیدؔ
پھر یوں ہوا کہ مجھ سے قضا ہو گیا وہ شخص
کون کہتا ہے ترے دل میں اتر جاؤں گا (غزل)
کون کہتا ہے ترے دل میں اتر جاؤں گا
میں تو لمحہ ہوں تجھے چھو کے گزر جاؤں گا
شب کے چہرہ میں کوئی رنگ تو بھر جاؤں گا
چل پڑا ہوں تو میں اب تا بہ سحر جاؤں گا
آسمانوں کی صفیں کاٹ کے پہنچا تھا یہاں
اب تری آنکھ سے ٹوٹا تو کدھر جاؤں گا
اپنی نظروں کا کوئی دائرہ بن کے مرے گرد
ورنہ ان تیز ہواؤں میں بکھر جاؤں گا