پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

رشید نثار کی غزلیں — Rasheed Nisar Ghazals

رشید نثار کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کوئی تو ہے کہ نئے راستے دکھائے مجھے (غزل)

کوئی تو ہے کہ نئے راستے دکھائے مجھے

ہوا کے دوش پہ آئے غزل سنائے مجھے

کسے خبر ہے کہ جیتا ہوں جاگتا ہوں میں

وہ ایک شخص ہر اک موڑ پر بچائے مجھے

لرزتے پاؤں بھی میرے عصا بدست بھی میں

وہ بازوؤں پہ اٹھائے کبھی چلائے مجھے

ہے اس کے نام کی مالا مرے لبوں کا سبو

میں اس کو شعر سناؤں وہ گنگنائے مجھے

وہ آئنہ ہے تو عکس سحر ہوں میں لیکن

وہ اپنے آپ کو دیکھے کبھی سجائے مجھے

دکھوں کے سرد نوالے غموں کی گرم زباں

ہنسی ہنسی میں چھپائے کبھی دکھائے مجھے

دریا کو اپنے پاؤں کی کشتی سے پار کر (غزل)

دریا کو اپنے پاؤں کی کشتی سے پار کر

موجوں کے رقص دیکھ لے خود کو اتار کر

سورج ترے طواف کو نکلے گا رات دن

تو آپ وقت ہے تو نہ لمحے شمار کر

ہابیل تیری ذات میں قابیل ہے مگر

اپنے لہو کو بیچ دے خواہش کو مار کر

اشکوں کے دیپ بک گئے بازار میں تو کیا

عہد گراں میں اپنے پسینے سے پیار کر

اک اور کربلا ہے ترے در کے سامنے

اپنے لہو کو جیت لے بازی کو ہار کر

اک نسل کا وجود لہو کے نمو میں ہے

کچھ دیر خواب دیکھ ذرا انتظار کر

مرے صندوق میں (نظم)

مرے صندوق میں

کچھ بھی نہیں تھا چند سوچیں تھیں

بہت سی پتلیاں تھیں اور آنکھیں تھیں

جنہیں میں آنکھ والوں کی دکاں سے مانگ لایا تھا

مرے صندوق میں اک مرتباں تھا

جس میں بادل تھے ہوائیں تھیں کسی دریا کی قوت تھی

میں اپنے دکھ اٹھا کر سکھ کی نگری میں چلا آیا

مرے صندوق میں اک آئنہ تھا

جو مجھے چہرے دکھاتا

سات درزوں پر جو پردے تھے

انہیں آہستہ آہستہ ہٹاتا

زیست کے ننگے بدن کی داستاں مجھ کو سناتا مسکراتا

مجھے آئینہ گنتی بھی سکھاتا

نو عدد تک روک دیتا تھا

مجھے معلوم تھا

نو کے عدد میں اسم اعظم ہے

حیات نو اسی نو کے عدد کا راز سر بستہ

یہ نو دن اور نو راتوں کا اک رنگیں ڈراما ہے

پھر اس کے بعد

خالی صفر تک کچھ ہونے والا ہے

مزید غزلیں از رشید نثار ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں