پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

رشید لکھنوی کی غزلیں — Rasheed Lakhnavi Ghazals

رشید لکھنوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دیکھیے کس حسن سے پوشیدہ غم کا راز ہے (غزل)

دیکھیے کس حسن سے پوشیدہ غم کا راز ہے

تیر میرے دل میں ہے پردے میں تیر انداز ہے

خط جو آیا ہے وہاں سے بند رہنے دو اسے

اس میں پوشیدہ ہماری زندگی کا راز ہے

تو ہی بتلا دے ارے او بانیٔ دیر و حرم

دونوں آوازوں میں تیری کون سی آواز ہے

یا الٰہی رو رہا ہے کون میری قبر پر

یہ تو جیسے میری پہچانی ہوئی آواز ہے

نزع کا اب وقت ہے اتنا تو کہہ دیجے رشیدؔ

آنے والے جلد آ یہ آخری آواز ہے

مار ڈالے گی ہمیں یہ خوش بیانی آپ کی (غزل)

مار ڈالے گی ہمیں یہ خوش بیانی آپ کی

موت کا پیغام آئے گا زبانی آپ کی

زندگی کہتے ہیں کس کو موت کس کا نام ہے

مہربانی آپ کی نا مہربانی آپ کی

بعد مردن کھینچ لایا جذب دل سینے پہ ہاتھ

اک انگوٹھی میں جو پہنے تھا نشانی آپ کی

بڑھ چکا قد بھی فروغ حسن کی حد ہو چکی

اب تو قابل دیکھنے کے ہے جوانی آپ کی

آپ سے مل کے گلے راحت سے آ جاتی ہے نیند

سبزۂ خوابیدہ ہے پوشاک دھانی آپ کی

رنگ عالم کا بدلنا آپ کے صدقے میں ہے

جمع کر رکھی تھیں پوشاکیں پرانی آپ کی

آنکھوں پر بندھوائی پٹی تا نہ دیکھوں اور کو

مر گیا میں پر وہی ہے بد گمانی آپ کی

جب وہ مجھ کو دیکھتا ہے ہنس کے کہتا ہے رشیدؔ

کتنی پابند وفا ہے زندگانی آپ کی

مزید غزلیں از رشید لکھنوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں