پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

رشید خاں رضا کی غزلیں — Rasheed Khan Raza Ghazals

رشید خاں رضا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

سکون قلب پانا ہے تو سجدہ ریز ہو جاؤ (غزل)

سکون قلب پانا ہے تو سجدہ ریز ہو جاؤ

بنانا ہے مقدر کو تو پھر تبریز ہو جاؤ

جہاں میں کس کی چنگیزی رہی سوچو ذرا یارو

یہ کس نے کہہ دیا تم سے کہ تم چنگیز ہو جاؤ

ہمیں ہم سے جدا کرنے کی جرأت ہے یہاں کس میں

لڑاؤ اور جہانبانی کرو انگریز ہو جاؤ

کہیں کھیتی ہری اخلاق کی بنجر نہ ہو جائے

خلوص و پیار کا پیکر بنو زرخیز ہو جاؤ

بجھانے تشنگی اپنی زمانہ چل کے آئے گا

رضاؔ پہلے سمندر کی طرح لبریز ہو جاؤ

ایسا ہے تیرے پیار کا سایہ (غزل)

ایسا ہے تیرے پیار کا سایہ

جیسے فصل بہار کا سایہ

ان کے آنے کی ہے خبر دیتا

کارواں کے غبار کا سایہ

بے سبب تو نہیں ہے آنکھوں پر

دیکھیے یہ خمار کا سایہ

اس کو جنت سے کم نہیں دنیا

جس پہ ہے ماں کے پیار کا سایہ

مجھ کو جینے دے اور نہ مرنے دے

یہ ترے انتظار کا سایہ

کیا بگاڑے گا یہ جہاں اپنا

سر پہ ہے کردگار کا سایہ

آج کیوں اٹھ گیا زمانے سے

اے رضاؔ اعتبار کا سایہ

مزید غزلیں از رشید خاں رضا ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں