پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

رشید خاں راہی کی غزلیں — Rasheed Khan Rahi Ghazals

رشید خاں راہی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہوتی ہے ان کی ہم پہ عنایت کبھی کبھی (غزل)

ہوتی ہے ان کی ہم پہ عنایت کبھی کبھی

آتی نظر ہے چاند سی صورت کبھی کبھی

غیروں کے مشورے کے لئے وقف رات دن

مجھ سے مگر ہے ملنے کی فرصت کبھی کبھی

غصہ میں ان کو دیکھ کے مجھ کو گماں ہوا

آتی ہے اس طرح بھی قیامت کبھی کبھی

وعدے وہ ہم سے توڑ کے غیروں کے ہو گئے

آتی تو ہوگی دل میں ندامت کبھی کبھی

دیدار ان کا چشم زدن میں ہوا تو ہے

تقدیر سے وہ آئی ہے ساعت کبھی کبھی

چھپ جانا ان کا شرم سے چلمن کی آڑ میں

بدنام یوں بھی کرتی ہے الفت کبھی کبھی

الفت پہ مرنے والوں پہ روتی ہے بیکسی

دیکھی ہے ہم نے ایسی بھی نیت کبھی کبھی

راہیؔ اب ان سے شکوۂ بیداد کر تو لو

ہوتی ہے دل جلوں کو شکایت کبھی کبھی

وہ پہلی سی مجھ پر عنایت نہیں ہے (غزل)

وہ پہلی سی مجھ پر عنایت نہیں ہے

مجھے پھر بھی تم سے شکایت نہیں ہے

انہیں رحم کرنے کی عادت نہیں ہے

مری اشک ریزی کی خصلت نہیں ہے

نظر سے پلانا ہی کافی ہے ساقی

مجھے جام کی اب ضرورت نہیں ہے

گزرتی ہے کیسے مری زندگانی

زباں سے کہو کیسے طاقت نہیں ہے

ملاقات یوں تو وہ کرتے ہیں مجھ سے

مگر والہانہ محبت نہیں ہے

مدد چاہئے صرف ہم کو خدا کی

کسی غیر کی مجھ کو حاجت نہیں ہے

مقدر نے جب سے کیا دور تم سے

اسی وقت سے دل کو راحت نہیں ہے

خدا جانے گلشن میں کیا ہو گیا ہے

وہ پہلی سی پھولوں میں رنگت نہیں ہے

نظر پھیر کر اس طرح چل دیے وہ

کہ راہیؔ سے جیسے محبت نہیں ہے

مزید غزلیں از رشید خاں راہی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں