رشیدہ عیاں کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جن کی تعبیر نہ ہو خواب وہ آنے سے رہے (غزل)
جن کی تعبیر نہ ہو خواب وہ آنے سے رہے
یہ عذاب اب تو ہم آنکھوں میں بسانے سے رہے
کھول ہی لیں گے فصیلوں میں نئے در ہم لوگ
لاکھ محبوس سہی وقت گنوانے سے رہے
اہل پندار ہیں دریوزہ گری کب ہے قبول
بھیک لینے کو کسی در پہ تو جانے سے رہے
ایک دن قید قفس توڑ کے اڑ جائیں گے
قید میں رہ کے عبث شور مچانے سے رہے
جاگ اٹھے ہیں تو اب جاگتے رہنا ہے ہمیں
جاگتی آنکھوں میں اب خواب سجانے سے رہے
دور ماضی کے کئی زخم ابھی تازہ ہیں
اب کوئی دریا نیا دل میں بسانے سے رہے
اس تلاطم میں بھی دھاروں کو نیا رخ دیں گے
لہر کے دوش پہ ہم خود کو بہانے سے رہے
کچھ عیاںؔ ہم بھی تو پندار وفا رکھتے ہیں
بے سبب روٹھنے والوں کو منانے سے رہے
بیٹھے بیٹھے مسکرا دی خود ہی گھبرائی کبھی (غزل)
بیٹھے بیٹھے مسکرا دی خود ہی گھبرائی کبھی
پیار کے موسم میں ایسی بھی گھڑی آئی کبھی
آپ کا دامن تو ساحل ریت کا ثابت ہوا
موج اشک خوں بھی جس کو تر نہ کر پائی کبھی
اپنے سر لے کر زمانے بھر کی ساری تہمتیں
دفن کر دی اپنی خاموشی میں گویائی کبھی
ساتھ گزرے چند لمحوں کی سنہری یاد سے
چلنے لگتی ہے مرے سانسوں میں پروائی کبھی
زندگی بھر آپ اپنے آئنے میں گم رہے
شخصیت یا شکل میری بھی نظر آئی کبھی
چھوڑیئے یہ تو ہمارے پیار کا ہے معجزہ
دور اب سے آپ بھی ہوتے تھے ہرجائی کبھی
اک کرن ہی چاند کی بن کر میں ہو جاتی نثار
آرزو لیکن عیاںؔ اپنی نہ بر آئی کبھی