رنجن آزار کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تمام رات اسی فکر میں گزر جائے (غزل)
تمام رات اسی فکر میں گزر جائے
کوئی تو صبح مری زندگی سنور جائے
وہ اپنے بچوں کو کیا اچھی تربیت دے گا
جو دیر رات گئے محفلوں سے گھر جائے
خیال اتنا رہے ریت سا خیال نہ ہو
بدلتے وقت کی آندھی میں جو بکھر جائے
اسی پہ آنکھ بچھائے ہوئے میں بیٹھا ہوں
تمہاری جانب منزل جو رہ گزر جائے
وہ کون تھا مرا دامن بھگو گیا ہے جو
وہ کس کی یاد ہے جو بے قرار کر جائے
کبھی امید کا دامن نہ چھوڑنا آزرؔ
جو آس ٹوٹی تو انسان سمجھو مر جائے
وہ انساں دھنوان بہت ہے (غزل)
وہ انساں دھنوان بہت ہے
جس کے اندر گیان بہت ہے
غربت میں جینا ہے مشکل
مرنا تو آسان بہت ہے
کل یگ میں ست یگ کی باتیں
کرتا ہے نادان بہت ہے
یادیں اس میں دفن ہیں کتنی
بوڑھے گھر کی شان بہت ہے
دھن وانوں کی اس بستی میں
نردھن کا اپمان بہت ہے
شیشۂ دل تو آزرؔ صاحب
ٹوٹے گا امکان بہت ہے
میں تنہا اپنے کمرے میں (نظم)
میں تنہا اپنے کمرے میں
ماضی کی تصویروں کو
الٹ پلٹ کر دیکھ رہا تھا
اتنے میں ان تصویروں میں
اک ایسی تصویر ملی
دیکھ کے جس کو نہ جانے کیوں
آنکھ سے آنسو چھلک پڑے