رنجیت کمار ساہو کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
خوشی سے دور اداسی کے پاس رہتے ہیں (غزل)
خوشی سے دور اداسی کے پاس رہتے ہیں
اداسی پاس نہ ہو تو اداس رہتے ہیں
سنا ہے ان کو ضرورت نہیں ہے نور کی بھی
جو لوگ گھر کے ترے آس پاس رہتے ہیں
نہ جانے کس لیے مجھ سے نظر بچاتے ہیں
ہمارے شہر میں جو غم شناس رہتے ہیں
کسی نے پوچھ لیا تھا سبب اداسی کا
اداس لوگ ہیں ہم سو اداس رہتے ہیں
یوں بدلنے کو تو کچھ لوگ بدل جاتے ہیں (غزل)
یوں بدلنے کو تو کچھ لوگ بدل جاتے ہیں
ریت کی طرح ہی ہاتھوں سے پھسل جاتے ہیں
گاؤں میں رہتے ہیں ماں باپ اکیلے تنہا
شہر میں بچے کمانے کو نکل جاتے ہیں
بستیوں کو جو جلاتے ہیں انہیں علم نہیں
ہاتھ خود اپنے بھی اس آگ میں جل جاتے ہیں
جیسا چاہو ہمیں تم ویسا بنا سکتے ہو
ہم وہ مٹی ہیں جو ہر سانچے میں ڈھل جاتے ہیں
وہ کوئی عام سی لڑکی تو نہیں ہے رنجیتؔ
وہ اگر چھو دے تو پتھر بھی پگھل جاتے ہیں
مزید غزلیں از رنجیت کمار ساہو ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں