رنج میرٹھی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ان کے کوچے کی طرف آج جو ہم جا نکلے (غزل)
ان کے کوچے کی طرف آج جو ہم جا نکلے
بولے جو نکلے ادھر اس کا جنازہ نکلے
خلق کہتی سر بازار وہ رسوا نکلے
اٹھ گئے ہاتھ جدھر کو ترے شیدا نکلے
ربط پہلا سا تو ان سے نہیں لیکن اب بھی
اس قدر ہے کہ جو اٹھے تو کبھی جا نکلے
عطر بستر پہ ملوں پھول چنوں تکیوں پر
شب وعدہ ہے خدا جانے وہ کب آ نکلے
وقت بد پوچھ کے آتا نہیں چھیڑوں کیونکر
اس ہنسی میں نہ کہیں اور ہی جھگڑا نکلے
ایسی مجھ جزو کو اس کل سے ہے نسبت جیسے
قطرہ دریا سے ہو اور قطرہ سے دریا نکلے
ہائے جس تیر کو میں دل میں جگہ دوں اے رنجؔ
کیا وہی تیر میرے خون کا پیاسا نکلے
عید آئی آج عیش کا ساماں تمام ہے (غزل)
عید آئی آج عیش کا ساماں تمام ہے
ساقی ہے مے ہے ابر ہے مینا ہے جام ہے
غافل نکال حسرت دل سوچتا ہے کیا
یاں تو کسی کا کوچ کسی کا مقام ہے
ہم تو کہے ہی جائیں گے یہ ماجرائے دل
تم مسکرا کے دیکھ لو قصہ تمام ہے
اے رنجؔ میکدے کو چلو اور پیو شراب
سب کہتے ہیں کہ عید کا روزہ حرام ہے