پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

رنج حیدرآبادی کی غزلیں — Ranj Hyderabadi Ghazals

رنج حیدرآبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

گھڑی گھڑی ہے ہمیں اپنے مہرباں کا خیال (غزل)

گھڑی گھڑی ہے ہمیں اپنے مہرباں کا خیال

نہ کچھ زمیں کی خبر ہے نہ آسماں کا خیال

یہ بے خودی ہے کہ جس دن سے دل لگا بیٹھے

کہاں کا ہوش کہاں کی خبر کہاں کا خیال

اڑے ہوئے ہیں رقیبوں کے ہوش پہ اب تک

جو دل میں آپ کے آیا تھا امتحاں کا خیال

عدو سے ہنستے رہے رات بھر سر محفل

کیا نہ تم نے مرے چشم خوں فشا کا خیال

کسی کو دو نہ سر بزم بے دھڑک گالی

خدا کے واسطے رکھو ذرا زباں کا خیال

قدم جو بھول کے رکھیں رہ محبت میں

تو خضر کو بھی نہ ہو عمر جاوداں کا خیال

لگا نہ خلد میں بھی دل میں کیا بیاں کروں

وہاں بھی مجھ سے نہ چھوٹا ترے مکاں کا خیال

میں اس طرف کبھی رخ بھول کر نہیں کرتا

میں کیا بتاؤں جب آتا ہے پاسباں کا خیال

خدا کے واسطے مانو مرا کہا اے رنجؔ

خدا کے واسطے چھوڑو یہ ہے کہاں کا خیال

دل مرا لے کے یہ کہتے ہیں کہ مال اچھا ہے (غزل)

دل مرا لے کے یہ کہتے ہیں کہ مال اچھا ہے

منتیں خوب ہیں اور ان کا خیال اچھا ہے

وہ عیادت کو مری آ کے یہ فرماتے ہیں

شکر صد شکر کہ بیمار کا حال اچھا ہے

میں یہ کہتا ہوں کہ آغاز محبت ہے خراب

وہ یہ کہتے ہیں کہ محبت کا مآل اچھا ہے

ساتھ یوسف کے تجھے مصر میں گر لے جاتے

انگلیاں تیری طرف اٹھتیں یہ مال اچھا ہے

تیری صورت سے میں دوں کیا مہ کامل کو مثال

اس سے سو درجہ ترا حسن و جمال اچھا ہے

دل کو دزدیدہ نگاہوں سے چرا لے جانا

تم میں اتنا ہی مری جان کمال اچھا ہے

وہ عیادت کے لئے غیر کے گھر جاتے ہیں

ہم مرے جاتے ہیں کمبخت کا حال اچھا ہے

ٹوٹ جانے کا نہ کچھ رنج نہ کھو جانے کا

ہم غریبوں کا یہی جام سفال اچھا ہے

اپنی قسمت میں کہاں راحت و آرام نشاط

رنجؔ دنیا میں یہی ہم کو ملال اچھا ہے

مزید غزلیں از رنج حیدرآبادی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں