رانا عثمان احامر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
میں نے کھل کر نہیں خاموش محبت کی ہے (غزل)
میں نے کھل کر نہیں خاموش محبت کی ہے
سچ تو یہ ہے تری عزت کی حفاظت کی ہے
میں بھلا کیسے ترے ساتھ بغاوت کرتا
مجھ پہ سادات کے پرکھوں نے امامت کی ہے
صاحب دین کو فتوے کی نہ کیوں کر سوجھے
آج درویش نے مسجد میں عبادت کی ہے
یہ زمیں کیوں نہ پھٹے اور فلک زرد نہ ہو
ایک مزدور نے اللہ سے شکایت کی ہے
ظلم سہہ کر بھی بغاوت کا نہیں سوچا میں نے
حوصلہ دیکھ کہ حاکم کی اطاعت کی ہے
ذات کے بعد مکافات میں آ جاتے ہیں (غزل)
ذات کے بعد مکافات میں آ جاتے ہیں
لوگ کم ظرف خرافات میں آ جاتے ہیں
تب خدا کی کسی حکمت پہ یقیں آتا ہے
جب ابابیل بھی عرفات میں آ جاتے ہیں
گھر کی دولت کو سر عام لٹانے والے
باپ مرتا ہے تو اوقات میں آ جاتے ہیں
یاد بچپن کی ستائے تو سہولت کے لیے
تتلیاں دیکھنے باغات میں آ جاتے ہیں
اب بھی ماں باپ کے پرکھوں کو سلامی دینے
شہر کے لوگ مضافات میں آ جاتے ہیں
مزید غزلیں از رانا عثمان احامر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں