رنگیشور دیال سکسینہ صوفی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اٹھے ہیں ہاتھ دعا کے اس آدمی کے لئے (غزل)
اٹھے ہیں ہاتھ دعا کے اس آدمی کے لئے
جو کام کرتا ہے دنیا کی بہتری کے لئے
علاج کیا اگر اس پر بھی ٹھوکریں کھائیں
ملا ضمیر ہے انساں کو روشنی کے لئے
کھلائے پھول کئی پھل کئے کہیں پیدا
ہزار نعمتیں پیدا کیں آدمی کے لئے
نئی حیات کا پیغام دیتی ہے جب موت
تو جان کس لئے دے کوئی زندگی کے لئے
خوشی کے مارے نہ بچتے اگر نہ ہوتا غم
سہارا غم کا ضروری ہے زندگی کے لئے
جہاں میں کوئی نہیں غم سے جو نہیں واقف
کسی کو غم ہے کوئی غم کوئی کسی کے لئے
قدم قدم پہ یہاں احتیاط لازم ہے
مقام عیش جہاں کب ہے آدمی کے لئے
رہ عدم ہے یہاں سر جھکا کے چل صوفیؔ
یہ رہ گزر ہے خطرناک خود سری کے لئے
غرض نہیں مجھے اس سے کہ کیا دیا تو نے (غزل)
غرض نہیں مجھے اس سے کہ کیا دیا تو نے
ہزار شکر کہ جو کچھ دیا دیا تو نے
خیال خدمت خلق خدا دیا تو نے
مجھے حیات کا مقصد بتا دیا تو نے
بشر یہ کچھ نہ کیا شر بڑھا دیا تو نے
جدا جو دیر سے کعبہ بنا دیا تو نے
دوئی کا دل سے جو پردہ اٹھا دیا تو نے
حرم کا دیر کا جھگڑا مٹا دیا تو نے
نجات پائی تھی مر مر کے قید ہستی سے
کہ پھر حیات کا نقشہ جما دیا تو نے
کبھی تھیں آنکھیں تو آیا نظر نہ تو مجھ کو
ہوئیں جو بند تو جلوہ دکھا دیا تو نے
نہیں ہوس مجھے دنیا کی جاہ و حشمت کی
بہت دیا دل درد آشنا دیا تو نے
جہاں میں آنے سے پہلے تھا واقف اسرار
جہاں میں آتے ہی سب کچھ بھلا دیا تو نے
جنہیں یقین ہے دنیا کی بے ثباتی کا
انہیں عذاب گراں سے بچا دیا تو نے
کہاں تھا ہوش مجھے پی کے بادۂ ہستی
اجل باہوش کہا اور جگا دیا تو نے
جو دے کے جان خریدا تھا گوشۂ تربت
اسے بھی گردش دوراں مٹا دیا تو نے
مرے سوا تیرے جلوؤں کو کوئی کیا جانے
تحیرات کا عالم دکھا دیا تو نے
وفور نور سے وحدت کے بزم کثرت میں
ہر ایک ذرہ میں جلوہ دکھا دیا تو نے
وہ فرق اپنے پرائے میں کچھ نہیں کرتے
دلوں سے جن کے من و تو مٹا دیا تو نے
بہار بے خودی ممنون ہے ترا صوفیؔ
سکون قلب کا عالم دکھا دیا تو نے
میری دانست میں ہم جنس ہیں ہولی اور عید (نظم)
میری دانست میں ہم جنس ہیں ہولی اور عید
دونوں ہیں لطف و مسرت کے لیے روز سعید
عام ہے آج ملاقات نہیں فرق کا کام
وا ہے آغوش محبت نہ سہی دید و شنید
فضل باری سے جو کل شام ہوئی چاند کی دید
آ گئی ہاتھ حقیقت میں مسرت کی کلید
دید اقدس سے ہوئی عین خوشی کی تولید
غیب سے دل کو ہوئی جذب وفا کی تاکید
آج ہوتی ہے نئے سر سے وفا کی تجدید
یہ ملن عید کا ہے قفل محبت کی کلید
آج ہوتی ہے حسد بغض و جفا کی تردید
اس لئے اہل وطن سب کو مبارک ہو عید
یہ حقیقت ہے کہ ہے آج کا دن روز سعید
دل سے دل ملتا ہے ہوتی ہے وفا کی تجدید
یہ نظارہ بھی ملاقات کا ہے قابل دید
لطف در لطف ہے ہر لطف ہے اک لطف مزید