رعنا سحری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
منزل نہ دے چراغ نہ دے حوصلہ تو دے (غزل)
منزل نہ دے چراغ نہ دے حوصلہ تو دے
تنکے کا ہی سہی تو مگر آسرا تو دے
میں نے یہ کب کہا کہ مرے حق میں ہو جواب
لیکن خموش کیوں ہے کوئی فیصلہ تو دے
برسوں میں تیرے نام پہ کھاتا رہا فریب
میرے خدا کہاں ہے تو اپنا پتا تو دے
بے شک مرے نصیب پہ رکھ اپنا اختیار
لیکن مرے نصیب میں کیا ہے بتا تو دے
میں خود ہی کھو گیا تجھے پانے کی فکر میں
اب اے غم حیات کوئی راستہ تو دے
کبھی غنچہ کبھی شعلہ کبھی شبنم کی طرح (غزل)
کبھی غنچہ کبھی شعلہ کبھی شبنم کی طرح
لوگ ملتے ہیں بدلتے ہوئے موسم کی طرح
میرے محبوب مرے پیار کو الزام نہ دے
ہجر میں عید منائی ہے محرم کی طرح
میں نے خوشبو کی طرح تجھ کو کیا ہے محسوس
دل نے چھیڑا ہے تری یاد کو شبنم کی طرح
کیسے ہم درد ہو تم کیسی مسیحائی ہے
دل پہ نشتر بھی لگاتے ہو تو مرہم کی طرح
ایک رہ گزار پر (نظم)
ایک رہ گزار پر
دیر سے کھڑا ہوا
سوچتا ہوں میں کہ اب
کون آئے گا ادھر
کس کا انتظار ہے
دن تو کب کا چھپ گیا
شام کب کی ڈھل چکی
آس اور امید کی
ہر گھڑی نکل چکی
اونگھنے لگے درخت
راستے بھی سو گئے
انتظار کے چراغ
بجھ کے سرد ہو گئے
دل کہے کہ لوٹ چل
اب یہ وقت بار ہے
اب کوئی نہ آئے گا