پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

رانا عامر لیاقت کی غزلیں — Rana Amir Liyaqat Ghazals

رانا عامر لیاقت کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تو کوئی خواب نہیں جس سے کنارا کر لیں (غزل)

تو کوئی خواب نہیں جس سے کنارا کر لیں

کیوں نہ پہلے سے تعلق پہ گزارا کر لیں

ایسی وحشت ہے کہ کمرے میں پڑے سوچتے ہیں

کھولیں کھڑکی کوئی منظر ہی گوارا کر لیں

حاصل وصل سے دل کش ہے میاں خواہش وصل

ہجر درپیش جو ہے، اس پہ گزارا کر لیں

ہم نے تاخیر سے سیکھے ہیں محبت کے اصول

ہم پہ لازم ہے، ترا عشق دوبارہ کر لیں

یہ بھی ممکن ہے تجھے دل سے بھلا دیں، ہم لوگ

یہ بھی ممکن ہے تجھے جان سے پیارا کر لیں

جیت اور ہار کا امکان کہاں دیکھتے ہیں (غزل)

جیت اور ہار کا امکان کہاں دیکھتے ہیں

گاؤں کے لوگ ہیں نقصان کہاں دیکھتے ہیں

جب سے دیکھا ہے ترے چہرے کو اس شہر کے لوگ!

پھول باغیچہ و گلدان کہاں دیکھتے ہیں

قیمتی شے تھی ترا ہجر اٹھائے رکھا

ورنہ سیلاب میں سامان کہاں دیکھتے ہیں

مجھ کو افلاک سے ہجرت کی صدا آتی ہے،

آدمی عشق میں زندان کہاں دیکھتے ہیں

عامرؔ اس تخت میں تابوت نظر آتا ہے

دیکھتے ہم ہیں یہ دربان کہاں دیکھتے ہیں

مزید غزلیں از رانا عامر لیاقت ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں