رانا عبدالرب کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
آپ سے رابطہ نہیں مرے دوست (غزل)
آپ سے رابطہ نہیں مرے دوست
سانس کا سلسلہ نہیں مرے دوست
اپنی مرضی کی کھینچ لو تصویر
زندگی کیمرہ نہیں مرے دوست
دوست تو اور بھی ہزاروں ہیں
کوئی بھی آپ سا نہیں مرے دوست
تو نے دشمن سمجھ لیا مجھ کو
میں نے کچھ بھی کہا نہیں مرے دوست
بارہا تیرا مجھ سے مل جانا
یہ کوئی حادثہ نہیں مرے دوست
میں اسے بھول جاؤں پاگل ہو
مفت کا مشورہ نہیں مرے دوست
تو بہت دور ہے مگر پھر بھی
یہ کوئی فاصلہ نہیں مرے دوست
میں تری کال کاٹ دوں عبدلؔ
مجھ میں یہ حوصلہ نہیں مرے دوست
مطمئن ہوں میں اس خسارے پر (غزل)
مطمئن ہوں میں اس خسارے پر
سب لٹایا ہے اپنے پیارے پر
کس نے رکنا ہے کس نے جانا ہے
منحصر ہے ترے اشارے پر
اس کنارے پہ میں اکیلا ہوں
کون ہے دوسرے کنارے پر
تو پلٹ کر کبھی تو آئے گا
جی رہے ہیں اسی سہارے پر
کس لیے بد گمان ہوتے ہو
نام لکھا ہے جب ستارے پر
وہ قفس تو کبھی کھلا ہی نہیں
ہم نے بے کار ہی سنوارے پر
آنسوؤں کے نشان زندہ رہے
ایک تصویر کے کنارے پر