رام کرشن مضطر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
شب غم کی سحر نہیں ہوتی (غزل)
شب غم کی سحر نہیں ہوتی
داستاں مختصر نہیں ہوتی
جب کسی کی نظر نہیں ہوتی
ہم کو اپنی خبر نہیں ہوتی
بعض اوقات اپنے دل پر بھی
اہل دل کی نظر نہیں ہوتی
ڈگمگاتے نہیں قدم جس جا
وہ تری رہ گزر نہیں ہوتی
جس مسرت میں غم نہ ہو شامل
وہ کبھی معتبر نہیں ہوتی
درد جب خود ہی اپنا درماں ہو
منت چارہ گر نہیں ہوتی
دل مضطرؔ سے جو نکلتی ہے
وہ صدا بے اثر نہیں ہوتی
محبت حاصل دنیا و دیں ہے (غزل)
محبت حاصل دنیا و دیں ہے
محبت روح ارباب یقیں ہے
نظر میں جھوم اٹھتی ہیں بہاریں
کسی کی یاد بھی کتنی حسیں ہے
تصدق ہو رہے ہیں ماہ و انجم
نگاہوں میں وہی زہرہ جبیں ہے
کہاں ممکن ہے اس کو بھول جانا
کہ ہر اک نقش اس کا دل نشیں ہے
جہاں چاہوں وہیں محفل سجا لوں
مری ہر اک نظر حسن آفریں ہے
وہی وہ ہیں جدھر بھی دیکھتا ہوں
بس اب ان کے سوا کوئی نہیں ہے
زمانہ ہو گیا اس اک نظر کو
خلش سی آج تک دل کے قریں ہے
ہوا ہوں مدتوں سے خود فراموش
مگر یہ دل تجھے بھولا نہیں ہے
سہارا مل گیا جینے کا مضطرؔ
مجھے ان کی محبت کا یقیں ہے