رام داس کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
مجھے ملی ہے اگر انفرادیت کی سند (غزل)
مجھے ملی ہے اگر انفرادیت کی سند
بچا کے لایا ہوں اپنی صلاحیت کی سند
بھلا دئیے ہیں الف لیلوی سبھی قصے
غزل نے جب سے مجھے دی جدیدیت کی سند
پریشاں حال ہے ہر شخص اس زمانے میں
ملی ہے کس کو یہاں خیر و عافیت کی سند
تھا اپنے شہر میں مدت سے اجنبی کی طرح
جناب مجھ کو ملی آج شہریت کی سند
تم ایک اہل سخن ہو ادب کے تارے ہو
تم اپنے عہد سے لو اپنی اہمیت کی سند
خدا کا شکر ہے اے رامؔ اس زمانے میں
میں زندہ ہوں ہے یہی میری خیریت کی سند
اے خدا تو ہی مجھے چاہنے والا دینا (غزل)
اے خدا تو ہی مجھے چاہنے والا دینا
ایک فن کار ہوں شہرت کے اجالے دینا
چپ رہوں لوگوں کی دشنام طرازی پر میں
بخشنا نطق مجھے ضبط کے تالے دینا
اے جہاں والو سنو وقت کا سقراط ہے وہ
اب ضروری ہے اسے زہر کے پیالے دینا
بھیجنا نوری پرندوں کو جہاں میں یا رب
دور کر دینا اندھیرے کو اجالے دینا
چند تحریک ہمایوں، نہیں چھپتے اب تو
اے مدیران ادب اچھے رسالے دینا
کیا نیا شعر و ادب کیا ہے کلاسیکی غزل
بحث میں رامؔ کے شعروں کے حوالے دینا