رام چندر ورما ساحل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اپنا خورشید اور اپنا ہی قمر پیدا کر (غزل)
اپنا خورشید اور اپنا ہی قمر پیدا کر
تو محبت کا شجر ہے تو ثمر پیدا کر
ہر بشر تجھ کو نظر آنے لگے اپنی طرح
اپنے اندر تو وہ ہی قلب و نظر پیدا کر
یہ تو ممکن ہی نہیں ہے وہ نہ چاہے تجھ کو
ہاں مگر اس کے لئے تو بھی جگر پیدا کر
منتظر ہوگا ترے واسطے ساحلؔ اے دوست
پہلے طوفان سے لڑنے کا ہنر پیدا کر
تیری آہیں بھی پہنچ جائیں گی رب تک اک دن
آہوں میں اپنی وہ دل دوز اثر پیدا کر
رات تاریک اگر ہے تو تجھے ڈر کیا ہے
داغ دل اپنے جلا اور سحر پیدا کر
تو بھی ہو جائے گا محبوب زمانہ ساحلؔ
اپنے اندر وہ محبت کی نظر پیدا کر
دکھ میں میرا ہوا کرے کوئی (غزل)
دکھ میں میرا ہوا کرے کوئی
میرے سنگ سنگ چلا کرے کوئی
میں ازل سے ہوں آج تک تنہا
میرے دکھ کی دوا کرے کوئی
فلسفے تو سمجھ سے باہر ہیں
سادی باتیں کیا کرے کوئی
میرا دکھ بھی بھلا کوئی دکھ ہے
تیرے دکھ کی دوا کرے کوئی
یوں تو کہنے کو سب ہی ہیں اپنے
اپنا سچ مچ ہوا کرے کوئی
قتل اس نے کیا ہے نظروں سے
ایسے قاتل کا کیا کرے کوئی
میری کشتی بچائی ہے رب نے
ناخدا تیرا کیا کرے کوئی
مرنے والوں کو مل گیا آرام
زندہ لاشوں کا کیا کرے کوئی
خود تو سرکش ہے اور کہتا ہے
مجھ سے جھک کر ملا کرے کوئی
آپ کا ہو گیا ہوں میں ساحلؔ
آ کے اتنا کہا کرے کوئی