پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

راکب مختار کی غزلیں — Rakib Mukhtar Ghazals

راکب مختار کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

حکم مرشد پہ ہی جی اٹھنا ہے مر جانا ہے (غزل)

حکم مرشد پہ ہی جی اٹھنا ہے مر جانا ہے

عشق جس سمت بھی لے جائے ادھر جانا ہے

میری بینائی ترے قرب کی مرہون ہے دوست

ہاتھ چھڑوا کے بھلا تجھ سے کدھر جانا ہے

اس کی چھاؤں میں بھی تھک کر نہیں بیٹھا جاتا

تو نے جس پیڑ کو پھل دار شجر جانا ہے

ہوئے خدشات کہ پہچان نہیں پایا تجھے

میں سمجھتا تھا کہ تو نے بھی بچھڑ جانا ہے

لڑکھڑاتا ہوں تو وہ رو کے لپٹ جاتا ہے

میں نے گرنا ہے تو اس شخص نے مر جانا ہے

خشک مشکیزہ لیے خالی پلٹنا ہے اسے

اور دریاؤں کا شیرازہ بکھر جانا ہے

میں کھو گیا تھا کوئی شے تلاش کرتے ہوئے (غزل)

میں کھو گیا تھا کوئی شے تلاش کرتے ہوئے

پرائے شہر میں اپنے تلاش کرتے ہوئے

پھر ایک صبح مجھے آنکھ پھوڑنا پڑی تھی

حسین خواب کے ریشے تلاش کرتے ہوئے

میں سوکھے پیڑ سے اکثر کلام کرتا تھا

ہواۓ سبز کے لہجے تلاش کرتے ہوئے

ہم ان پرندوں کے جیسے ہیں جو زمیں پہ تری

شکار ہو گئے دانے تلاش کرتے ہوئے

کبھی کبھی تو مکمل غزل سے ملتا ہوں

سخن کے شہر میں مصرعے تلاش کرتے ہوئے

کہیں کہیں تو مجھے آنکھ خرچ کرنا پڑی

نفیس پاؤں کے چھالے تلاش کرتے ہوئے

مزید غزلیں از راکب مختار ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں