پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

رخشندہ نوید کی غزلیں — Rakhshanda Naved Ghazals

رخشندہ نوید کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

وہ دلبر ہیں تو گویا دلبری کرنی پڑے گی (غزل)

وہ دلبر ہیں تو گویا دلبری کرنی پڑے گی

انہیں کے نام دل کی ڈائری کرنی پڑے گی

وہ ان کو جانتے ہیں اور ان کے حال دل کو

سو ان کے دوستوں سے دوستی کرنی پڑے گی

ہمارے درمیاں یہ دکھ ہی قدر مشترک ہیں

سو ہم کو اجتماعی خودکشی کرنی پڑے گی

بدن کو روح سے محروم کر ڈالا گیا ہے

بسر اس طور ہی اب زندگی کرنی پڑے گی

بلایا جائے کیسے اس شناسائے سخن کو

بپا اک بزم شعر و شاعری کرنی پڑے گی

بہت مدت سے ہنسنا بھول کر بیٹھی ہوئی ہے

تمہیں رخشندہؔ شاید گدگدی کرنی پڑے گی

کیسے نکلوں خمار سے باہر (غزل)

کیسے نکلوں خمار سے باہر

بازوؤں کے حصار سے باہر

درد نکلا ہے صبر کی حد سے

اشک نکلے قطار سے باہر

چند لمحوں کی مختصر قربت

اور یادیں شمار سے باہر

اس لیے اس کی یاد میں گم ہوں

بھولنا اختیار سے باہر

اور جائیں کہاں مہ و انجم

روز و شب کے مدار سے باہر

طفل دل پھر اداس بیٹھا ہے

کوئی لے جائے پیار سے باہر

کوئی رخشندہؔ ملنے آیا ہے

چل چلیں انتظار سے باہر

رات شور رہتا ہے (نظم)

رات شور رہتا ہے

مختلف کتابوں میں

انگنت حوالوں سے

جاگتے سوالوں کا

بوجھ دل پہ رہتا ہے

ڈایری کے سینے سے

زندگی کے پوشیدہ

راز راز سطروں کا

رات شور کرتی ہے

دیکھ دیکھ کر چہرہ

ذہن کے دریچے سے

جھانکتے سوالوں کا

مزید غزلیں از رخشندہ نوید ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں