رخشاں ہاشمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
دیکھو آقا کی گلی اور وہ روضہ دیکھو (غزل)
دیکھو آقا کی گلی اور وہ روضہ دیکھو
اپنی نظروں کو سکوں بخش دو کعبہ دیکھو
میں دل و جان سے روضے پہ جھکی جاتی ہوں
دل پکارے ہی چلا جاتا ہے جلوہ دیکھو
مشکلوں میں بھی وہی عشق تجھے تھا مے کا
غم سلامت رہے خوشیوں کا فرشتہ دیکھو
سارے عالم میں کوئی روشنی سی پھوٹی ہے
ساری دنیا میں کوئی نور ابھرتا دیکھو
آنکھ ویران پریشان رہا کرتی ہے
اک جھلک تم بھی یہاں آؤ مدینہ دیکھو
زخم بھی پھولوں کی مانند مہک اٹھیں گے
اک نظر میری طرف جان مسیحا دیکھو
مرے آقا کی عقیدت سے کتابیں روشن
آؤ آؤ مرے محبوب کا قصہ دیکھو
تم کو ہر خواب کی تعبیر ملے گی رخشاںؔ
پہلے سوچوں میں بسا کر وہ عقیدہ دیکھو
محبت تو محبت ہی نہیں تھی (غزل)
محبت تو محبت ہی نہیں تھی
حقیقت میں حقیقت ہی نہیں تھی
میں اس کی چائے کی پیالی تھی لیکن
اسے پینے کی جرأت ہی نہیں تھی
بچھڑنے کا بھی اک اپنا مزہ تھا
مگر مجھ میں یہ ہمت ہی نہیں تھی
برا مت ماننا پر سچ یہی ہے
تجھے میری ضرورت ہی نہیں تھی
کسے میں ڈھونڈھتی اپنی خوشی میں
تمہارے غم سے فرصت ہی نہیں تھی
ہمیں دل چاہیے تھا اس کو دولت
ہمارے پاس دولت ہی نہیں تھی
بچھڑنے کا خیال آتا بھی کیسے
ہمارے بیچ قربت ہی نہیں تھی
کہ ہم انمول تھے کہنے کی حد تک
ہماری قدر و قیمت ہی نہیں تھی
غزل میں جان رخشاںؔ کیسے آتی
ترے جذبوں میں شدت ہی نہیں تھی
اے باد صبا (نظم)
اے باد صبا
محبوب سے ملنے جانا ہے
پیغام مرا پہنچانا ہے
پر حد ادب لازم رکھنا
وہ شوخ جواں گر خواب میں ہو
دھیرے سے زلفیں سہلانا
بیدار اگر وہ ہو جائے
تو کہنا سلام شوق مرا
پھر کہنا کہ دیوانی میں
پلکوں کو بچھائے بیٹھی ہوں
ملنے کو بہت بیتاب ہوں میں
اور نیند اگر کچھ گہری ہو
پلکوں کو ہولے سے چھونا
رخسار تھپک دینا ان کے
دیوار و در پر لکھ دینا
اے جان غزل میں زندہ ہوں
بس آپ کی دید کی خاطر اب