پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

راج کماری سورج کلا سرور کی غزلیں — Raj Kumari Suraj Kala Sarwar Ghazals

راج کماری سورج کلا سرور کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

سنا جب تیرے دیوانے نے گلشن میں بہار آئی (غزل)

سنا جب تیرے دیوانے نے گلشن میں بہار آئی

قبا صحرا سے خود دامن میں لے کر نوک خار آئی

نظر ہر رنگ میں جن کو شبیہ حسن یار آئی

انہیں کیا غم خزاں آئی چمن میں یا بہار آئی

کبھی سانسوں کے تاروں میں کبھی آنکھوں کے پردوں میں

صدائے شوق کس کس ساز میں تجھ کو پکار آئی

پڑی برق نظر صیاد کی جب آشیانے پر

میں یہ سمجھا کہ شاید میرے گلشن پر بہار آئی

تصور میں ہو تم اور آرزوئے دید باقی ہے

نگاہوں میں خزاں چھائی ہے جب دل میں بہار آئی

پتا دیتی ہے خود صیاد یہ دل کی خلش ورنہ

مجھے یہ بھی نہیں ہے یاد کب فصل بہار آئی

نہ پوچھو انتہائے شوق کی رعنائیاں سرورؔ

مرے ہر اشک کے ہم راہ اک تصویر یار آئی

پردۂ غم میں دکھایا جلوۂ کامل مجھے (غزل)

پردۂ غم میں دکھایا جلوۂ کامل مجھے

لے اڑی یا رب کہاں میری فضائے دل مجھے

میری منزل کیوں نہ ہو مشکل سے بھی مشکل مجھے

ہر قدم اک راہ ہے ہر راہ اک منزل مجھے

ہر نفس میں آرزوئے دل ملی حائل مجھے

ہر قدم پر پیش آئی اک نئی منزل مجھے

اب یہ کیا ہے تو نے شان سرفروشی دیکھ لی

خلق کیوں کہنے لگی بسمل تجھے قاتل مجھے

موت بھی محکوم نکلی اس نگاہ ناز کی

ایک مرنا سہل تھا وہ بھی ہوا مشکل مجھے

دیکھ لیں وہ بھی کہ دل والوں سے پردہ تا کجا

دو گھڑی کو بے خودی تو کر بھی دے غافل مجھے

تیرے مجبور وفا کو مشغلہ مل ہی گیا

دل کو میں سمجھا رہا ہوں اور میرا دل مجھے

میں بھٹکتا ہی رہا ہر انجمن ہر بزم میں

اور ملی خلوت میں گھر بیٹھے تری محفل مجھے

اب تو سرورؔ عشق نے آزاد ایماں کر دیا

لاکھ بہکایا کرے فرق حق و باطل مجھے