پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

راج کمار سوری ندیم کی غزلیں — Raj Kumar Soori Nadeem Ghazals

راج کمار سوری ندیم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

گزارے تم نے کیسے روز و شب ہم سے خفا ہو کر (غزل)

گزارے تم نے کیسے روز و شب ہم سے خفا ہو کر

نہ ہم کو راس آئی زندگی تم سے جدا ہو کر

فقط اہل جنوں واقف ہیں اس راز حقیقت سے

حیات جاوداں ملتی ہے الفت میں فنا ہو کر

کہاں ان کے دلوں میں وہ خلش سوز محبت کی

ترے تیر نظر سے جو رہے نا آشنا ہو کر

تمہاری بے وفائی کا فسانہ ہر زباں پر ہے

زمانے کو دکھا دو انتقاماً با وفا ہو کر

کسی کی بوئے پیراہن گلستاں سے گزرتی ہے

شمیم جاں فزا بن کر کبھی باد صبا ہو کر

ندیمؔ اس دور میں ہر گام پر طعن و ملامت ہیں

بہت دشوار ہے دنیا میں جینا با وفا ہو کر

جب تک مجھے نصیب تری دوستی رہی (غزل)

جب تک مجھے نصیب تری دوستی رہی

ہر جادۂ حیات میں اک دل کشی رہی

دل میں ترے خیال کی تابانیوں کے ساتھ

درد شب فراق کی بھی تیرگی رہی

یوں تو ہر ایک غمزہ و عشوہ تھا دل فریب

لیکن وہ اک نگاہ جو دل پر جمی رہی

پھر اس کے بعد ہو گئی تاریک راہ زیست

جب تک تمہارا ساتھ رہا روشنی رہی

ساقی تری نوازش پیہم کے باوجود

محسوس یہ ہوا کہ ابھی تشنگی رہی

تم کیا گئے کہ زندگی بے کیف ہو گئی

جب تک کہ تم قریب رہے بے خودی رہی

تھا اک ہجوم یاس جو بڑھتا گیا ندیمؔ

محروم‌ انبساط مری زندگی رہی

مزید غزلیں از راج کمار سوری ندیم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں