راج کمار کوری راز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
غیر ممکن ہے کہ توہین وفا ہو جاؤں (غزل)
غیر ممکن ہے کہ توہین وفا ہو جاؤں
میں تو مر جاؤں اگر اس سے جدا ہو جاؤں
میں ترے عشق میں برباد ہوں مجروح بھی ہوں
اور کیا تو ہی بتا اس کے سوا ہو جاؤں
میری حسرت ہے کہ آغوش میں لے لوں تجھ کو
یا ترے جسم سے لپٹے وہ ردا ہو جاؤں
اپنی بربادی کا الزام لگاؤں کس پر
کوئی اپنا تو رہے جس سے خفا ہو جاؤں
میرے بچپن کی وہ خواہش بھی نہیں بدلی ہے
یہ مرے دل کی تمنا تھی بڑا ہو جاؤں
وہ مری موت پہ آئے کوئی خاطر تو کرو
میں جنازے سے کیا خود اٹھ کے کھڑا ہو جاؤں
ہو بزدلی کا بہانا تو صبر کیا ٹوٹے (غزل)
ہو بزدلی کا بہانا تو صبر کیا ٹوٹے
اگر ہے ضبط تو اب اس کی انتہا ٹوٹے
نئے چراغ جلیں دھند کی ردا ٹوٹے
یہ میرے خواب تھے لیکن یہ بارہا ٹوٹے
میری طلب میں کمی ہے نہ حوصلوں میں مگر
یہ حسرتوں کی تمنا ہے دل مرا ٹوٹے
ہے بے رخی بھی تیری کچھ تو آندھیوں کی طرح
چراغ دل کی مرے جس میں التجا ٹوٹے
خطا بھلے نہ ہو دشینت کی مگر پھر بھی
یہاں وہ ریت ہے جس میں شکنتلا ٹوٹے
یہاں پہ دیر و حرم کے ہیں مسئلے ساقی
خدا وہ دن نہ دکھائے کہ میکدہ ٹوٹے
ضمیر بیچ کے جینے سے موت ہے اچھی
نہ سچ دکھائے تو بہتر ہے آئینہ ٹوٹے
یہ مشکلات بھی اکتا گئیں ہیں اب مجھ سے
ہو آسماں بھی تو وہ کتنی مرتبہ ٹوٹے
زباں وہ کیسے بھلا گھنگھرؤں کی سمجھے گا
کہ جس کے سامنے چوڑی کی التجا ٹوٹے
تری خوشی کے لیے دل تجھے میں دے دوں مگر
جو چور چور ہے آخر وہ اور کیا ٹوٹے
ملے گی رازؔ امیروں کو کب تلک شہرت
میں چاہتا ہوں کہ اب یہ پرمپرا ٹوٹے
باندھ کے گھنگھرو سیاست ہی نچاتی ہے ہمیں (نظم)
باندھ کے گھنگھرو سیاست ہی نچاتی ہے ہمیں
اور ہم ناچتے رہتے ہیں طوائف کی طرح
اور حکومت کے اشاروں پہ ہمارے ٹھمکے
یہ بتاتے ہیں کہ ہم بھی ہیں رضامند یہاں
کون ہیں کنس یا راون کے طرف دار کہو
کون ہم میں سے ہے ظالم کا طرف دار کہو
وقت بے وقت ملے زخم کے ناسور تو ہیں
ہم بھی عیسیٰ پہ ہوئے ظلم سے رنجور تو ہیں
سن بھی لو حضرت شبیر پہ رونے والو
ان مظالم پہ یہاں اشک بار ہم بھی تو ہیں
ہیں اگر رام ہمارے تو تمہارے بھی تو ہیں
بس محمد ہیں مسلماں کے تو ایسا بھی نہیں
گامزن راہ صداقت پہ اگر ہیں ہم بھی
تو یہ نانک پہ کسی قوم کا دعویٰ کیوں ہو
اب ہمیں کون پڑھاتا ہے یہ نفرت کے سبق
یہ وہی قوم ہے کہتے ہیں سیاست جس کو