پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

راج کھیتی کی غزلیں — Raj Kheti Ghazals

راج کھیتی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کون سنے اے پیکر ناز (غزل)

کون سنے اے پیکر ناز

میری درد بھری آواز

آج طبیعت ہے ناساز

چھیڑ مرے زخموں کا ساز

ساتھ نہ آیا سایہ تک

کس کو کہیں اپنا ہم راز

درد مصیبت رنج ملال

خوب ہے الفت کا آغاز

لہر اٹھی تھی من میں ایک

چھیڑ گئی سپنوں کا ساز

ان کے رخ پاکیزہ پر

چاندنی شب نے پڑھی نماز

تیری محبت کی خاطر

ہم نے اٹھائے موت کے ناز

پیار بھرے ہر لمحے نے

کھول دئے صدیوں کے راز

دونوں جان ہیں محفل کی

میرے نغمے تیرے ساز

راجؔ گگن سے اونچی ہے

تیرے شعروں کی پرواز

ہر ایک سانس میں کچھ درد درد لگتا ہے (غزل)

ہر ایک سانس میں کچھ درد درد لگتا ہے

مرا وجود ہی اب گرد گرد لگتا ہے

تمہارے قرب میں گرمی بہت غضب کی تھی

ہوا کا ہاتھ مگر سرد سرد لگتا ہے

نہ جانے آئی کہاں سے بھکاریوں کی یہ بھیڑ

گداگر آج مجھے فرد فرد لگتا ہے

اسی میں دیکھی تھی تصویر کائنات کبھی

وہ آئینہ کہ جو اب گرد گرد لگتا ہے

وہ ایک ہم تھے کہ سمجھا حریف کو بھی حلیف

فریب کار تمہیں فرد فرد لگتا ہے

کسی کے ہونٹوں کی سرخی کو کیا ہوا ہے راجؔ

غزل کا چہرہ بھی کچھ زرد زرد لگتا ہے

مزید غزلیں از راج کھیتی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں